وزیراعلیٰ مری نے فلاحی منصوبوں کیلئے محکمہ ریلوے سے اراضی مانگ لی

  • July 10, 2018, 10:41 pm
  • National News
  • 56 Views

کوئٹہ(خ ن)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری سے نگران وفاقی وزیر امور کشمیراور ریلوے مسز روشن خورشید بروچہ نے منگل کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات میں آئندہ انتخابات کی تیاریوں سمیت مختلف سیاسی و سماجی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیر کی توجہ کوئٹہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان ریلوے سائنس کالج کے مقابل ریلوے کی اراضی صوبائی حکومت کو منتقل کردے تو اس مقام پر پارکنگ پلازہ اور دیگر فلاحی منصوبے بنائے جاسکتے ہیں میں جن کا براہ راست فائدہ کوئٹہ کے شہریوں کو ملے گا اور وہ وفاقی وزیر کے اس اقدام کو ہمیشہ سراہیں گے۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے ریلوے حکام سے سمری طلب کریں گی، کوئٹہ ان کا اپنا شہر اور گھر ہے اور اگر وہ بحیثیت وفاقی وزیر ریلوے اپنے شہر کی فلاح کے لئے کچھ کرسکیں تو انہیں خوشی ہوگی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ کے ایس او ایس ولیج کے دورے کا تصویری البم بھی پیش کیا جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔