نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے بلوچستان کے مقامی پولیس سروس آف پاکستان گروپ کے آفیسران کے لئے خصوصی مراعات پیکچ کی سمری کی منظوری دے دی

  • July 10, 2018, 9:01 pm
  • National News
  • 46 Views

کوئٹہ (خ ن)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے بلوچستان کے مقامی پولیس سروس آف پاکستان گروپ کے آفیسران کے لئے خصوصی مراعات پیکچ کی سمری کی منظوری دے دی ہے، واضح رہے کہ بلوچستان میں دوسرے صوبوں کے تعینات پولیس سروس آف پاکستان گروپ کے آفیسران کو خصوصی مراعات کا پیکج دیا جارہا ہے اور بلوچستان کے پی ایس پی آفیسران کا یہ مؤقف رہا ہے کہ دیگر صوبوں کے پولیس آفیسران کی طرح وہ بھی صوبے کے دیگر اضلاع میں مشکل حالات میں رہتے ہوئے فرائض کی انجام دہی کرتے ہیں لہٰذا انہیں بھی خصوصی پیکج دے کر اس تخصیص کو ختم کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ان کے اس موقف سے اتفاق کرتے ہوئے مقامی اور دوسرے صوبوں کے پی ایس پی آفیسران کی مراعات کو یکساں کرنے کی سمری طلب کرکے اس کی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی ہے کہ بلوچستان پولیس آفیسران صوبے میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے محکمہ پولیس کے آفیسران اور اہلکاروں نے دہشت گردی کی جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں جنہیں بلوچستان کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی خواہش ہے کہ بلوچستان پولیس کی کارکردگی دیگر صوبوں کی پولیس کے مقابلے میں نمایاں مقام حاصل کرے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ سابق وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے پولیس کی اپ گریڈیشن کے لئے کئے جانے والے اعلان بھی جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے۔