25جولائی کا دن قوم اور مذہب کے نام پر پشتونوں کو دھوکہ دینے والوں کے احتساب کا دن ہے ، اصغر اچکزئی

  • July 9, 2018, 11:00 pm
  • National News
  • 45 Views

چمن ( نمائندہ خصوصی)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتونوں کا اپنی قومی جماعت پر اعتماد کااظہار ہمارے لئے اقتدار ، کرسی اور مراعات سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے ، اکیسویں صدی کا پشتون اپنے تمام حقوق سے باخبر ہے اسے نہ تو جعلی قوم پرستی کے خوشنما نعروں سے ورغلایا جاسکتا ہے اور نہ ہی اسلام کا نعرہ لگا کر اسلام آباد پہنچنے کا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے پشتون اب مزید کسی کے بھی بہکاوے میں نہیں آئیں گے بلکہ قوم ، مذہب اور جمہوریت کے نام پر انہیں اسلام آبا د اور رائیونڈ میں گروی رکھنے والوں کا محاسبہ خود کردیں گے 25جولائی کا دن قوم اور مذہب کے نام پر پشتونوں کو دھوکہ دینے والوں کے احتساب کا دن ہے ، قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں مایوس نہیں کریں گے بلکہ ان کے دیئے گئے مینڈیٹ کو ان کی فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اے این 263و پی بی 23سے پارٹی کے نامزد امیدوار اصغرخان اچکزئی ، ضلعی صدر اسد خان اچکزئی ، سردار بشیر احمد خان ، شاہ جہان خان ، حاجی اخترمحمد و دیگر مقررین نے گزشتہ روز حاجی اختر محمد ، حاجی عبدالرف ، حاجی اختر خان کی رہائش گاہوں پر منعقدہ شمولیتی اجتماعات ،حاجی بہا الدین خان میرالزئی کی رہائش گاہ پر مہم کے سلسلے میں حمایتی جرگے ، حاجی محمد علی پہلوان کی جانب سے حمایتی اجتماع اوردامان عشیزئی کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی ترجمان سردار بشیر احمدخان اور روزی خان اچکزئی کی قیادت میں30افراد نے بی اے پی سے مستعفی ہو کر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ ریلوے کالونی چمن سے حاجی عبدالرف اور حاجی اختر محمد کی قیادت میں 45افراد نے پشتونخوا میپ سے مستعفی ہو کر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا علاوہ ازیں حاجی بہا الدین خان میرالزئی ، حاجی یار محمد ادوزئی ،حاجی محمد علی پہلوان نے اپنے عزیز و اقارب اور خاندانوں سمیت 25تاریخ کے عام انتخابات میں اے این پی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔اجتماعات وتقریبات سے خطاب کرتے ہوئے اصغرخان اچکزئی و دیگر پارٹی رہنماں نے پارٹی میں شمولیت اور انتخابات میں حمایت کرنے والے قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دور میڈیا کا دور ہے جس میں عام آدمی سبھی باتوں سے باخبر ہے اور وہ نہ صرف اپنے حقوق کا زیادہ شعور رکھتا ہے بلکہ ان حقوق کے حصول کے لئے کام کرنے والی جماعتوں کی پالیسیوں سے بھی اچھی طرح آگاہ ہے آج کے جدید دور کا پشتون ہر حوالے سے آگاہی رکھتاہے اور اسے صرف خالی خولی نعروں اور لفاظیت پر مبنی تقریروں سے بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا عوام سوچ سمجھ کر اور ہر طرح سے تسلی کرکے ہمارے ساتھ شامل ہورہے ہیں لوگوں کا جوق درجوق فکر باچاخان سے رجوع کرنا اور پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا ہمارے لئے بہت بڑی بات ہے ہمیں اقتدار کرسی اور مراعات کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ ہم ان چیزوں سے زیادہ اہمیت اس اعتماد کو دیتے ہیں جو لوگ ہم پر کررہے ہیں ہمارے لئے لوگوں کا اعتماد اہم ہے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم اس اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ۔