ماضی میں بلوچستان کے وسائل پر قبضہ اب ’’گوادر ‘‘ کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے،حافظ حسین احمد

  • July 9, 2018, 10:54 pm
  • National News
  • 81 Views

کوئٹہ( پ ر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان این اے 266سے متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ماضی میں بلوچستان کے وسائل پر قبضہ کیاگیا اور اب بلوچستان کے ساحل ’’گواردر ‘‘ کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ اپنے حلقہ انتخاب میں ناشناس کالونی، کلی قمبرانی، مسجد ابراہیم، سریاب، مشرقی بائے پاس میں عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے، ان کے ہمراہ پیر طریقت حضرت مولانا پیر عزیز الرحمن ہزاروی، پی بی 32کے امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری، پی بی 31کے امیدوار میر اسحاق ذاکر شاہوانی اور پی بی 30کے امیدوار مولانا حکیم محمد عیسیٰ ، حافظ منیر احمد ایڈوکیٹ، سردار اسد شاہوانی، سیٹھ اجمل بازئی ، حاجی وزیر محمد بڑیچ، میر شبیر کرد، حافظ زبیر احمدنے بھی خطاب کیا، حافظ حسین احمد نے کہا کہ سیندک ، ریکوڈک میں سونا، چاندی، تانبا اور فولاد کے خزانے ، سوئی میں قدرتی گیس کے ذخائر، چاغی میں ماربل، مسلم باغ میں کرومائیٹ اور خضدار وغیرہ میں قیمتی پتھر جیسے وسائل کو 70سال سے ہڑپ کرنے والے اب وسائل کے بعد بلوچستان کے ساحل گواردر کے سی پیک سے بھی ہاتھ صاف کرنے لگے ہیں اور گواردر کے سی پیک کے منصوبوں سے اب تک صوبہ بلوچستان اور خود گواردر محروم ہے جہاں عوام کو پینے کے لیے پانی تک میسر نہیں ہے جبکہ بڑے میاں نواز شریف نے اپنے چھوٹے میاں شہباز شریف کو ساتھ رکھ کر سی پیک کے تمام فنڈز اور قرضوں تک مجرمانہ رسائی دی جس کے تحت لاہور شہر میں میٹرو اور اورنج ٹرین کے ساتھ شہر کی تزئین و آرائش پر اربوں روپے صرف ہوئے حالانکہ اس وقت بلوچستان میں مخلوظ ڈہائی سالہ انکی حکومت ہی قائم تھی مگر صرف پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو نوازشریف نے ساتھ رکھا ، حافظ حسین احمد نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی ان تمام محرومیوں کا ازالہ طفل تسلیوں ، نام نہاد آغاز حقوق بلوچستان کے پیکجز اور زبانی معافی سے نہیں ہوسکتا بلکہ اس کے لیے معافی کے ساتھ بھرپور ’’تلافی‘‘ ناگزیر ہے اور یہ سب کچھ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی میں آئینی جدوجہد سے حاصل کی جائے گی ، پیر طریقت پیر عزیز الرحمن ہزاروی نے اپنے تمام مریدین اور متعلقین کو ہدایت کی کہ وہ متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدواروں کے حمایت کریں اور پولنگ کے دن کتاب کے نشان پر مہر لگائیں۔