اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور بلدیاتی نظام کو مضبوط بنا نے سے شہروں میں بہترین انفراسٹریکچر، خوبصورتی اور صفائی کے مقاصد کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکتاہے، نگراں وزیراعلی بلوچستان علاؤ الدین مری

  • July 9, 2018, 10:53 pm
  • National News
  • 46 Views

کوئٹہ (خ ن)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور بلدیاتی نظام کو مضبوط بنا نے سے شہروں میں بہترین انفراسٹریکچر، خوبصورتی اور صفائی کے مقاصد کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکتاہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ سے ایسے منصوبے شروع کئے جاسکتے ہیں جن سے کوئٹہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی کو یقینی بنا یا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میئر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی بھی اس موقع پر موجود تھے ،میئر نے وزیراعلیٰ کو کوئٹہ کی صفائی اورخوبصورتی کی بحالی سمیت مختلف امور سے متعلق بریفنگ دی اور میٹروپولیٹن کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا گھر ہے اس کی خوبصورتی، صفائی اور بہتری کے لئے سب کو کردار ادا کرنے کے علاوہ اس ضمن میں حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے میئر کو ہدایت کی کہ کوئٹہ میں بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد یقینی بنائیں، تجاوزات کے خاتمے اور پارکنگ فراہم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک کامیاب کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں چینی کمپنیوں نے کوئٹہ شہر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر مختلف منصوبوں پر کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیاجس میں سالڈویسٹ کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی کی بحالی جیسے منصوبے شامل ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے آغازسے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا اور حکومتی اداروں پر پڑنے والے بوجھ میں کمی آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ شہرکا بڑا مسئلہ پارکنگ کا ہے اس مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے شہر میں جلد از جلد مختلف مقامات پر پارکنگ پلازے قائم کئے جائیں، حکومت اس سلسلے میں لوکل گورنمنٹ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے میئر کو ہدایت کی کہ رہائشی علاقوں میں قائم ڈیری فارمز اور موٹر گیراجوں کی شہر سے باہر منتقلی کے لئے اقدامات کریں شہر پر آبادی کے بڑھنے والی دباؤ کوکم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ شہر کے اندر مزید تجارتی تعمیرات سے گریز کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے میئر کو یقین دلایا کہ نگران حکومت میٹروپولیٹن کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ کوئٹہ شہر کے کھوئے ہوئے حسن کو بحال کیا جاسکے جس پر مئیر کوئٹہ نے وزیر اعلیٰ کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔