وسائل کے دفاع کی خاطر تمام قومیتوں نے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کرلیا ہے ، بی این پی

  • July 8, 2018, 11:07 pm
  • National News
  • 59 Views

کوئٹہ( پ ر)کوئٹہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ 19 جولائی کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے حق میں عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا ۔سرزمین کے وارث جلسہ میں بھر پور شرکت کرکے ہماری بھوک و افلاس غربت بے روزگاری میں اضافہ اور وسائل پر قبضہ گیریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے والی قوتوں کو پیغام دیں کہ تمام ترظلم و جبر سازشوں کے باجود بلوچستان میں آباد تمام قومیتوں نے گوادر، ریکوڈک، سیندک ،سوئی گیس کے دفاع اورقومی وقار کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سریاب مل میں منعقدہ انتخابی جلسہ جناح ٹاؤن میں انتخابی دفتر کا افتتاح، کلی برات لہڑی گیٹ ، جناح ٹاؤن عبدالحق اسٹریٹ میں حاجی لطیف میروانی اور اللہ ڈنہ روڈ پر مرحوم عبدالجبار خان خلجی کی رہائش گاہوں اور رئیسانی روڈ شاہ زمان ٹاؤن میں منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نوابزادہ میر سخی جان رئیسانی بھی انکے ہمراہ تھے ۔ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی صوبے کے عام لوگوں کی آوازاور اس سرزمین کے وسائل کاتحفظ اور مسائل کے حل کی صلاحیت رکھتی ہے۔ان کا کہنا کہ تھا 25 جولائی کو نوری نصیر خان، عظیم عبداللہ خان کے وارث کوہ سلمان سے کرمان تک حکمرانی کرنے والوں کی اولادیں سیاسی مزاحمت کیلئے خود کو تیار رکھتے ہوئے فیصلہ کریں کہ وہ اپنا قومی اختیار کس جماعت کو دینگے ۔انکا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ 26 جولائی کا سورج ایک روشن صبح کی نوید لیکر طلوع ہوگا ۔ اور صوبے کے لوگ پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل کو اپنی نمائندگی کا حق دیتے ہوئے انہیں اور انکے ساتھیوں کو اسمبلی تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے پارٹی کی مرکزی قیادت، کارکنوں ، پارٹی اور سرزمین کا درد رکھنے والے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 25 جولائی تک دن رات ایک کرتے ہوئے گھر گھر پارٹی منشور اور پروگرام کو پہنچائیں ۔