عبدالستار ایدھی نے ساری زندگی فلاح انسانیت کیلئے گزاردی ، خرم شہزاد

  • July 8, 2018, 10:59 pm
  • National News
  • 47 Views

کوئٹہ (خ ن ) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان صوبائی حکومت ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی جیسا عظیم انسان مشکل سے صدیوں میں پیدا ہوتا ہے جس کے دل میں انسانیت اور انسانی قدروں کو اجاگر کرنے کیلئے ایسا درد موجود تھا کہ اس درد نے انہیں پوری زندگی خدمت انسانیت کے جذبے سے سرشار رکھ کر بے سہارا ، یتیموں اور بے کس لوگوں کو سینے سے لگا کر اپنا بنانے کا حوصلہ بخشا عبدالستار ایدھی ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک سوچ و فکر کا نام ہے جس کے عمل کے ذریعے غریب مسکین ، بیوہ اور نادار بچوں کو رہنے کیلئے چھت فراہم کی انہیں عزت دی اور ان لوگوں کو ذمہ دار کار آمد شہری بنانا اس مرد مومن کا وظیفہ حیات بنا ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز عبدالستار ایدھی کے دوسری برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے پوری زندگی عاجزی ، انکساری اور سادگی کی علامت بن کر گزاری انہوں نے اپنے اس عمل سے پوری انسانیت کو ایک عظیم پیغام دیا کہ فلاح انسانیت کے لئے جینا ہی اصل زندگی ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے ہوئے پورے دوسال ہوئے ہیں لیکن ان کی یادیں کاو شیں اور خدمات کادرس ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ ہم ان کی تقلید کرتے ہوئے اپنے ارد گرد اور پورے معاشرے میں غریب مسکین اور نادار لوگوں کی خدمت اپنا فلسفہ حیات بنالیں ۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ ملکی و عالمی سطح پر ان کی خدمات کو سراہا جانا پاکستان کی نیک نامی کا باعث ہے لہٰذا اس ضمن میں اندورن و بیرون ملک مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ ایدھی فاؤنڈیشن کو اپنے زکواۃ ، خیرات اور عطیات دے کر عبدالستار ایدھی کے مشن کو جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کرکے کارخیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔