غیر سیاسی افراد مسلط کئے گئے تو محرومیوں میں اضافہ ہوگا، اسرار زہری

  • July 8, 2018, 10:37 pm
  • National News
  • 90 Views

خضدار(نامہ نگار) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سربراہ و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38زہری کرخ مولہ و پی بی 39خضدار نال سے نامزد امیدوار میر اسراراللہ زہری نے کہا ہے کہ الیکشن میں غیر سیاسی افراد کو مسلط کرنے سے سیاسی احساس محرومی میں اضافہ ہوگا اور اس کے منفی اثرات مرتب ہونگے۔باشعور سیاسی کارکنوں ، دانشوروں اور تعلیم یافتہ طبقے کو دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کی اجتماعی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زہری ہاؤس خضدار میں سیاسی کارکنوں کے وفود اور الیکشن مہم کے سلسلے میں خضدار کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کودیگر تمام مفادات سے بالاتر ہوکر علاقے کی اجتماعی مفاد کا سوچنا ہوگا اور جس طرح سے جھالاوان میں غیر سیاسی ماحول کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے اس کے سامنے بندھ باندھناہوگا۔انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی کی سیاست صوبے کے غریب عوام کی مفادات کے تابع ہے اور ہم ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہوکر بلا رنگ و نسل تمام قومیتوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ بی این پی عوامی نے ہمیشہ حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے کے عوام کی صحیح معنوں میں نمائندگی کی ہے اور ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوامی حقوق کا تحفظ کر رہے ہیں۔