بلوچستان مزید نفرتوں پر مبنی لسانی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، جام کمال

  • July 6, 2018, 10:46 pm
  • National News
  • 59 Views

کوئٹہ (این این آئی )بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان مزید نفرتوں پر مبنی لسانی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا نفرتوں اور تعصب کی سیاست قومی یکجہتی کے لیے زہر قاتل ہے جس کا خاتمہ نہایت ضروری ہے بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جو بغیر کسی امتیاز کے پورے پاکستان اور بلوچستان کے تمام قبائل افراد علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام روایتی سیاسی جماعتوں سے بے زار ہو کر جوق در جوق بی اے پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو پسنی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ زئی اور خیلی کی بنیادوں پر سیاست کرنے والی پارٹیوں کا دور گزر چکاہے سیاست میں مداری اور جادوگیری کا کھیل ختم ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ سعید احمد ہاشمی ایک با اصول سیاست دان ہیں جنہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کی بنیاد رکھ کر صوبے کے عوام کو ایک خود مختار سیاسی پیلٹ فارم بنایا کافی عرصے سے ان کی خواہش تھی کہ اپنے لوگوں کو ان کا اپنا سیاسی فورم دیا جائے بی اے پی مظلوم طبقات کی نمائندہ جماعت ہے اور یہ تمام محرومیوں کا مداوا ثابت ہوگاانہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی آئندہ عام انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرکے حکومت سازی کی مستحکم پوزیشن میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلا امتیاز صوبے کے عوام کے معیار زندگی کی بہتری کیلئے قابل عمل اور ٹھوس اقدامات اٹھائے گی گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ترقی کا عمل منجمد رہا جس کے باعث عوام کے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا گیا وفاقی سیاسی جماعتوں نے بلوچستان کو اپنی ترجیحات میں شامل نہیں رکھا جس کے نتیجے میں عوام کی سیاسی احساس محرومیوں میں اضافہ ہوا فیصلہ ساز اداروں میں بلوچستان کی موثر و حقیقی نمائندگی سے سیاسی احساس محرومیوں کا مداوا ممکن ہے جو دیگر تمام معاملات کے حل میں معاون ثابت ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ عوام 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔