بی این پی عوامی کے رہنماء سید احسان شاہ اور میر اصغر رند قاتلانہ حملے میں محفوظ

  • July 6, 2018, 10:43 pm
  • National News
  • 252 Views

تربت+ڈیرہ مرادجمالی(نامہ نگاران)تربت کے علاقے تمپ میں بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی رہنماؤں کے قافلے اور ڈیرہ مرادجمالی میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افرادکی فائرنگ،بی این پی عوامی کے مرکزی رہنماء سید احسان شاہ اور میر اصغر رند رودبان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر دی دونوں رہنماء محفوظ رہے،پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے میں تمپ میں نامعلوم مسلح افراد نے بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی رہنماء سید احساس شاہ اور میر اصغر رند کی گاڑی پر اس وقت اندھا دھند فائرنگ کر دی جس وقت دونوں رہنماء انتخابی مہم کے سلسلے میں رودبان جارہے تھے تاہم خوش قسمتی سے حملے میں دونوں رہنماء محفوظ رہے پارٹی ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماء خیریت سے اور محفوظ ہیں دوسری جانب ڈیرہ مرادجمالی میں جمعہ اور جمعرات کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے ڈویزنل ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں قائم پولیس چؤکی پر اندھادھند فائرنگ کر دی گولیوں کی بارش سے درو دیوار لرز اٹھے ہسپتال کا عملہ مریض اور بین الاقوامی طبی ادارہ ایم ایس ایف کا اسٹاف بھی خوفزدہ ہو گیا تاہم ڈیوٹی پر مامور نوجوان پولیس اہلکار محمد اسلم بلوچ نے نہایت بہادری کے ساتھ اپنی جان سے کھیلتے ہوئے حملہ آوروں پر فائرنگ کر دی جس پر ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے واضح رہے کہ مذکورہ پولیس اہلکار اسلم بلوچ 2015 میں اپنی تعیناتی کے دوران سوئی ضلع ڈیرہ بگٹی میں محرّم الحرام کی ڈیوٹی کے دوران تخریبکاروں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر زخمی ہو چکا ہے جس نے زخمی حالت میں جوابی فائر کرتے ہوئے حملہ آوروں کو بھاگنے پر مجبور کیا تھا۔