بلوچستان کے غصب شدہ حقوق کا حصل مشن ہے ، سردار اختر مینگل

  • July 6, 2018, 10:42 pm
  • National News
  • 45 Views

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ عوام کی امیدیں بی این پی کے ساتھ منسلک ہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی مسائل کے حل حقوق کے حصول اورعوامی حکومت کی تشکیل کے لئے اہل بلوچستان پارٹی پرچم کے تلے یکجا ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ نورانی دارے خان گوٹھ دریجی کراس و ڈسٹرکٹ لسبیلہ کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ جس طرح پورے بلوچستان میں پارٹی کو عوامی تعاون اور پذیرائی مل رہی ہے اس سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جس پر اہل بلوچستان کو مکمل اعتماد ہے یہی وجہ ہے کہ بلوچستان بھر میں ہمارے نامزد امیدواروں کو عوام کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی گئی ہے دراصل اہل بلوچستان غیور ‘ باشعور اور سیاسی فکر رکھنے والے لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی جہد میں ہمارا ساتھ دیا اور میں یہ انتہائی فخر سے کہتا ہوں کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اہل بلوچستان کی جماعت ہے ان کی جدوجہد کے ذریعے ہی ہم اپنی اصولی سیاست اورجمہوری جہد کو اس کی منزل کی جانب گامزن کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ روز اول سے ہماری سیاست کا محور بلوچستان کی ترقی عوام کی طرز زندگی میں بہتری اور ان حقوق کا حصول رہا ہے جنہیں غصب کرنے کو وطیرہ بنا لیا گیا تھا 25 جولائی عوام کی طاقت کے مظاہرہ کا دن ہے اور ہمیں یقین ہے کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے بلوچستان نیشنل پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرے گی اور ہم سب ملکر ایک خوشحال بلوچستان کی جانب پیش قدمی کریں گے اس موقع پر کارنر میٹنگ کے شرکاء نے سردار اختر جان مینگل پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اور سردار اختر جان مینگل کی جہد کسی سے پوشیدہ نہیں بلوچستان کے عوام نے سردار اختر جان مینگل کی قیادت پر اپنا اعتماد کر رکھا ہے اور ان کے قافلے میں شامل ہو کر بلوچستان کی خوشحالی کے لئے کی جانیوالی کاوشوں سیاسی جہد کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے 25 جولائی کا دن تاریخ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی کامیابی کے طورپر یاد رکھا جائے گا ۔