تین بار وزیر اعظم بننے والی شخصیت نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے کرپشن کیس میں دی گئی سزا لندن کے اسی فلیٹس میں بیٹھ کر سنی جس کی اونر شپ سے ہی وہ انکاری تھے ،نامزد امیدوار حافظ حسین احمد

  • July 6, 2018, 10:35 pm
  • National News
  • 53 Views

کوئٹہ( پ ر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ اورقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 266سے نامزد امیدوار حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ تین بار وزیر اعظم بننے والی شخصیت نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے کرپشن کیس میں دی گئی سزا لندن کے اسی فلیٹس میں بیٹھ کر سنی جس کی اونر شپ سے ہی وہ انکاری تھے ، دینی جماعتوں کا کوئی رہنما کسی بھی سطح کی کرپشن میں ملوث نہیں ہے ، وہ بکرا منڈی میں خطبہ جمعہ ،ماسٹر کالونی میں عوامی جلسہ اور بھوسہ منڈی میں انتخابی دفتر کے افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے، ان اجتماعات میں پی بی 31کے نامزد امیدوار میر اسحاق ذاکر شاہوانی نے بھی خطاب کیا، حافظ حسین احمد نے کہا کہ گواردر بلوچستان کے سی پیک کے تمام فنڈز کو نواز شریف اور ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے لاہور کے میٹرو ، اورنج ٹرین اور تزئن و آرائش پر خرچ کئے ، بلوچستان کے ترقیاتی فنڈز کو خرچ نہ کرکے ڈھائی سالہ 2وزرائے اعلیٰ نے اس کو وفاق اور پنجاب کے حوالے کئے اس کا خمیازہ سوتیلے ’’باپ‘‘ کی صورت میں ان کو بھگتنا پڑا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ترقیاتی فنڈز کے اربوں روپے پانی کی ٹینکیوں سے برآمد ہوئے ، اس سے قبل مقررین نے اس حلقہ میں 2002اور 2008میں عوامی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں حافظ حسین احمد نے بلوچستان کے حقوق کے لیے اہم کردار ادا کیا۔