شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہم اپنی ذمہ داری ایمانداری سے پوری کریں گے ، عوام تعاون کرے ، وزیراعلیٰ مری

  • July 6, 2018, 10:35 pm
  • Election 2018
  • 129 Views

مستونگ (نامہ نگار+خ ن )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ صوبے میں صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے ہماری بھرپور تیاری جاری ہے، عوام آئندہ عام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سراوان پریس کلب مستونگ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہم اپنی ذمہ داری ایمانداری سے پوری کریں گے اس سلسلے میں عوام کا تعاون ناگزیر ہے ،عوام آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں، انہوں نے کہا کہ انتخابات کے مواقعوں پر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات لگاتی رہتی ہیں لیکن نگران حکومت پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں کوئی کوتاہی نہیں برتے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے مستونگ کے دور ے کا مقصد انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ حکومتی مشینری کو بھی متحرک رکھنا ہے تاکہ ادارے عوام کی خدمت بلا کسی رکاوٹ جاری رکھ سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال، ڈی ایچ کیو مستونگ کا دورہ کیا اگرچہ وہاں علاج معالجے کی سہولیات بہتر ہیں لیکن ان کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور حکومت ان کی بہتری کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستونگ ضلع کو لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا سامنا ہے جس کا انہیں مکمل ادراک ہے اور گذشتہ روز انہوں نے کوئٹہ میں کیسکو اورزمینداروں کے ساتھ تفصیلی اجلاس کیا اور جلد بجلی کے مسئلے کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستونگ گرڈ اسٹیشن کے جلنے کے بعد اس کی فوری بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پرکام کیا گیا جس میں کیسکو حکام نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ زمینداروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہیں، اگر پورا سال کی محنت اورفصل تیار ہونے کے وقت بجلی نہ ملے تو اس سے زمینداروں کو بہت نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مستونگ گرڈ اسٹیشن کا بھی دورہ کریں گے اور متعلقہ حکام سے وولٹیج کی کمی کو دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کریں گے، وزیر اعلیٰ نے صحافی برداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عام انتخابات کے سلسلے میں ووٹ کے تقدس اور اہمیت کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ وزیر اعلیٰ نے پریس کلب کے دور کے موقع پر مستونگ کے صحافیوں کے لئے پندرہ لیپ ٹاپ دینے کا بھی اعلان کیا جس پر صحافیوں نے وزیر اعلیٰ کے مستونگ اورپریس کلب کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کے مستونگ پہنچنے پر کمشنر قلات ڈویژن سعید جمالی، ڈپٹی کمشنر مستونگ قائم لاشاری اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا ڈپٹی کمشنر آفس میں استقبال کیا جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صوبائی وزیر صحت فیض کاکڑبھی ان کے ہمراہ تھے۔بعدازاں وزیر اعلیٰ نے نگران وزیر صحت، سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر ،کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر سعید احمد جمالی، ڈپٹی کمشنر مستونگ اور ڈی جی ہیلتھ کے ہمراہ شہید غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں، آئی سی یو، گائنی وارڈ ، او ٹی کا معائنہ کیا اور علاج و معالجے کے سلسلے میں آئے ہوئے لوگوں سے ہسپتال میں ستیاب سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ غوث بخش میموریل ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر شفیع محمد زہری نے وزیر اعلیٰ کو ہسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی اور ہسپتال کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہسپتال کی بہتری ،مریضوں کو بہترین علاج و معالجے کی سہولیات کی فراہمی اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی کمی کو فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے غوث بخش میموریل ہسپتال کی سالانہ گرانٹ کو بیس کروڑ سے بڑھا کر تیس کروڑ روپے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہسپتال میں اسٹاف اور اینڈوسکوپی کی دستیابی کو جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا او رہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر ساجدہ مینگل نے وزیر اعلیٰ کو بریفینگ دی ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں ضرورت آلات کی دستیابی کر ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں کو ان کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات میسر ہوں اور انہیں علاج کے سلسلے میں دیگر شہروں کی طرف نہ جانا پڑے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی کارکردگی کو برقرار رکھنے پر متعلقہ حکام کی تعریف اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اسی جذبے سے کام کریں گے اور اپنے وسائل کا بہترین استعمال اور دیکھ بھال کریں گے تو ہمارا معاشرہ مزید ترقی کرے گا اور ہم آگے بڑھیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے ایک روزہ دورے کے موقع پر وزیر اعلیٰ کے خصوصی فنڈز سے میونسپل کمیٹی مستونگ کے چیئرمین آغا طارق شاہ کو میونسپلٹی کے لئے چار گاڑیاں فراہم کیں تاکہ مستونگ شہر کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگایا جاسکے۔ جس پر میونسپل کمیٹی کے چیئرمین نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے ڈسٹرکٹ جیل مستونگ کا دورہ کیا۔ کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر سعیداحمد جمالی اور ڈپٹی کمشنر مستونگ قائم لاشاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک کا بھی معائنہ کیا اورقیدیوں سے بات چیت بھی کی اور ان کے مسائل سنے۔ وزیر اعلیٰ نے جیل کی صفائی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے جیل میں ڈاکٹر کی تعیناتی اور پانی کے مسئلے کے جلد حل کے لئے احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ نے گذشتہ ایک دہائی سے رضاکارانہ طور پر قیدیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے پر ڈاکٹرحسن کی خدمات کو سراہا اور ان کے جذبے کی تعریف کی۔بعدازاں وزیر اعلیٰ نے سٹی تھانہ مستونگ کا معائنہ کیا اور تھانے کے مختلف بیرکوں،اسلحہ سٹور اور دیگر حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے روزنامچہ کا معائنہ کیا اور گذشتہ تین روز سے تھانے میں کوئی بھی ایف آئی آر درج نہ ہونے پر اطمینا ن کا اظہار کیا کہ مستونگ ضلع میں جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے اور متعلقہ ایس ایچ اور دیگر حکام کو ہدایت کی کہ امن و امان کی کہ صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے اسی طرح چوکس رہیں۔ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے اپنے مستونگ کے دورے کے موقع پر مستونگ گرڈ اسٹیشن کا دورہ کیا اور گریڈ اسٹیشن کے حوالے سے متعلقہ حکام سے آگاہی حاصل کی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ضلع میں زمینداروں کو درپیش وولٹیج کے مسئلے کے فوری حل کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ زمینداروں کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے۔