نوازشریف کیخلاف فیصلہ انتقامی کارروائی ہے

  • July 6, 2018, 10:33 pm
  • National News
  • 184 Views

کوئٹہ (آن لائن ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف فیصلہ انتقامی کارروائی ہے ملک میں جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں فیصلہ اس لئے کیا گیا کہ انتخابات متاثر اور نتائج دوسرے کے حق میں ہوں مگر عوام کی رائے کو زبردستی بدلنا کوئی تسلیم نہیں کرے گا جو قوتیں جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہیں وہ ملک کو بحرانوں اور تباہی سے دوچار کرنا چاہتی ہیں تمام جمہوری قوتیں جمہوریت کے خلاف ہونیوالی سازشوں کا مقابلہ کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا عثمان کاکڑ نے کہا کہ عدالت نے نوازشریف کے خلاف جو فیصلہ کیا ہے یہ انتقامی کارروائی ہے اور عدالتوں کو اختیار نہیں کہ وہ سیاسی فیصلے کریں سیاسی فیصلوں کا اختیار صرف اور صرف پارلیمنٹ اور یہاں کی سیاسی جماعتوں کو ہے اگر عدالتیں انصاف دینا چاہتی ہیں تو سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے ملک کے آئین کو پامال کیا کیا ان کو سزا دی گئی اس لئے انہیں سزا نہیں دی جارہی ہے کہ وہ اپنے آپ کو طاقتور سمجھتے ہیں یہ فیصلہ انتقامی فیصلہ لگ رہا ہے اور اس طرح کے فیصلوں کو منفی اثرات مرتب ہونگے افسوس اس بات پر کہ ملک کے ایک منتخب وزیراعظم کو پھانسی ‘ دوسرے کو فارغ اور تیسرے وزیراعظم کو نااہل قرار دیتے ہیں کیا صرف ملک میں کرپشن سیاسی لوگ کرتے ہیں باقی اداروں میں بھی کرپشن ہو رہی ہے آج تک ان لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی ہے بدقسمتی سے آف شورکمپنی والوں کو تحفظ دیا جارہا ہے عوام کی عدالت صحیح معنوں میں فیصلہ کرسکتی ہے ہم عوامی عدالت کے فیصلوں پر یقین رکھتے ہیں عثمان کاکڑ نے کہاکہ جمہوریت کے خلاف شروع دن سے سازشیں ہو رہی ہیں اور نوازشریف کے خلاف فیصلہ اس لئے کیا گیا کہ انتخابات متاثر ہوں ہم سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے لئے مثبت ثابت ہوگا ۔