حکمرانوں نے فرقہ وارانہ تقسیم کے ذیعے اپنی کرپشن کو چھاپا، ایچ ڈی پی

  • July 6, 2018, 10:32 pm
  • National News
  • 91 Views

کوئٹہ (پ ر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین و نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 265صوبائی اسمبلی پی بی 27سیکریٹری جنرل و نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی بی 26نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 264محمد رضا ہزارہ،پارٹی رہنماؤں محمد رضا وکیل،عزیز اللہ ہزارہ،مرزا حسین ہزارہ،ڈاکٹر اصغر علی چنگیزی،عصمت تمکی ایڈوکیٹ،قادر علی،غلام مہدی ہزارہ،محمد حسین ہزارہ،ساحل ہزارہ،بوستان علی کشتمند اور دیگر رہنماؤں نے مختلف کارنر میٹنگوں اور معتبرین سے ملاقاتوں کے دوران اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ پارٹی کے امیدواروں کی بڑی تعداد میں کوئٹہ کے شہریوں،پشتون،بلوچ،پنجابی اور دیگر اقوام کی طرف سے حمایت یہ واضح کررہی ہے کہ عوام کی بھر پور تائید و حمایت پارٹی پالیسیوں اور سیاسی حکمت عملی پر اعتماد کا اظہار ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ اپنے کردار و عمل سے بھی یہ ثابت کریں کہ ایچ ڈی پی کوئٹہ کے شہریوں کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت کی حیثیت سے کوئٹہ کے شہریوں کے لئے بلاتفریق خدمات انجام دیکر یہاں کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔ماضی کے مختلف ادوار میں کوئٹہ شہر سے کامیابیاں حاصل کرنے والوں نے صرف اپنی ذات اور خاندان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کیا جبکہ عوام کو نسلی،لسانی،قومی اور مذہبی تعصبات و نفرتوں کے ذریعے تقسیم کرکے اپنی ناکامیوں،کرپشن اور لوٹ مار کو چھپانے کی کوشش کی۔کیا وجہ ہے کہ کوئٹہ شہر کیلئے اربوں روپے کی خصوصی اور پی ایس ڈی پی میں بجٹ منظور ہونے کے باوجود آج تک کوئٹہ شہر میں ایک چھوٹا سا مسئلہ بھی حل نہیں ہوسکاہے۔کوئٹہ ہمیشہ کی طرح آج کھنڈرات کا منظر پیش کررہاہے جبکہ مختلف علاقوں میں کچروں کے باعث شہری مختلف قسم کے بیماریوں سے دوچار ہیں۔یہاں نہ لوکل گورنمنٹ کا نظام درست کام کررہاہے نہ ہی مختلف محکموں کی کارکردگی کسی طرح سے تسلی بخش ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ میرٹ کی بنیاد پر پورے حکومتی نظام کی تشکیل ہو۔قابل اور اہل لوگوں سے محکموں کو چلائیں تاکہ ہر ادارے کی کارکردگی میں بہتری اور نتیجہ عوام کے مرضی کے مطابق حاصل ہوسکیں۔ایماندار اور اہل لوگوں کو جب آگے لایا جائے تو اس سے حکومت کے ساتھ محکموں کی کارکردگی میں بھی بہتری پیدا ہوگی۔