محکمہ سماجی بہبود میں غفلت ولاپرواہی برداشت نہیں کرینگے ، فرزانہ بلوچ

  • July 6, 2018, 10:17 pm
  • National News
  • 104 Views

کوئٹہ(خ ن) نگران صوبائی وزیر ترقی نسواں و سماجی بہبود فرزانہ کریم بلوچ نے اپنے محکمے میں ملازمین کی غیر حاضری ، سرکاری فرائض کی ادائیگی میں عدم دلچسپی اور رویے میں غیر سنجیدگی پر تشویش اور سخت ناراضگی کاا ظہار کیا ہے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کو تنبیہ کی ہے کہ حکومت اپنی عملداری کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور ملازمین کی تساہلی ، غفلت اورلاپرواہی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ صوبائی وزیر نے سنڈیمن سول ہسپتال کوئٹہ کے شعبہ سماجی بہبو د اور نظامت بہبود آبادی کے دورے کئے۔ اس دوران انہوں نے عملے کی غیر حاضری اور ریکارڈ کی عدم دستیابی پر سخت ناپسندید گی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے سول ہسپتال کے شعبہ بہبو د آباد ی کو تنبیہ کی کہ غیر حاضر اور لاپرواہی کے مرتکب عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ صوبائی وزیر نے نظامت اعلیٰ بہبود آبادی کے دورے کے دوران ہی عملے کی غیر حاضری پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے صرف 20 فیصد حاضری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی عملداری کو ہرقیمت پر یقینی بنائے گی اور غیر حاضر عملہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہبود آبادی کے شعبے میں جذبہ خدمت کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ضرورت ہے ۔ اور اس اہم اور حساس شعبے میں غیر ذمہ دارانہ اور غیر سنجیدہ رویے کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔