ووٹنگ کی شرح میں اضافے سے حقیقی نمائندے ایوان میں پہنچیں گے ، خرم شہزاد

  • July 6, 2018, 10:14 pm
  • Election 2018
  • 113 Views

کوئٹہ (خ ن )نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان صوبائی حکومت ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے تمام نیوز چینلز نگران صوبائی حکومت کی جانب سے پیغام حق رائے دہی کے عنوان سے الیکشن 2018 میں عوام کو بھر پور حصہ لینے کیلئے جس مہم کا آغاز کیا ہے اس پیغام کو صوبے کے دور دراز علاقوں تک گھر گھر پہنچانے میں میڈیا کی اہم ذمہ داری بنتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے گزشتہ روز جیو نیوز چینل اور اب تک نیوز چینل کے دفاتر کے دورے کے موقع پر چینلز کے منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ایک قومی ذمہ داری ہے اگر ہماری عوام نے الیکشن 2018 میں بھر پور حصہ لیا اور ووٹ ڈالنے کی شرح زیادہ سے زیادہ ہوئی تو اس کا ایک فائدہ یہ ہوگا کہ ہمارے لوگ اپنی مرضی سے اچھے حقیقی نمائندوں کو ایوانوں میں بھیج کر جمہوری عمل کو جاری رہنے میں اپنا کردار ادا کریں گے جبکہ دوسری جانب عالمی سطح پر پاکستان کے جمہوریت پسندانہ فکر و سوچ کو تقویت بھی ملے گی ۔