مریم اور صفدر الیکشن سے نااہل قرار

  • July 6, 2018, 6:02 pm
  • Breaking News
  • 283 Views

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آج ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف خاندان کے خلاف فیصلہ سنا دیا گیا، نتیجے میں مریم نواز اورصفدر اب عام انتخابات کی دوڑ سےباہر ہوگئے ہیں۔نیب پر اسیکیوٹر کے مطابق کیپٹن صفدر اور مریم نواز کو دس سال کے لیے نااہل کیا گیا ہے ۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز2 حلقوں سے انتخاب لڑ رہی تھیں، وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 اور پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 173 کے لیے میدان میں اتری تھیں تام عدالتی فیصلے کے بعد اب ان کے کوررنگ امیدوار الیکشن لڑیں گے۔

مریم نواز کو این اے 127 سے تحریک انصاف کے جمشید اقبال، پیپلز پارٹی کے چوہدری عدنان سروس اور متحدہ مجلس عمل کے راشد احمد خان سمیت 9 امیدواروں سے مقابلہ کرنا تھا۔

اسی طرح کیپٹن (ر) صفدر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 14 مانسہرہ 2 سے الیکشن لڑ رہے تھے جو اب انتخابی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں، ان کے کورنگ امیدوار اب اس نشست پر انتخاب لڑیں گے۔

اس حلقے میں کیپٹن (ر) محمد صفدر کا مقابلہ تحریک انصاف کے زرگل خان اور متحدہ مجلس عمل کے مفتی کفایت اللہ سے تھا جب کہ مجموعی طور پر اس حلقے سے 11 امیدوار میدان میں ہیں جس میں 4 آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل احتساب عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 10سال ،مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا کا حکم سنایا جس کے بعد وہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے جبکہ نواز شریف پہلے ہی نااہل قرار دئیے جاچکے ہیں۔