پولیو کے خاتمہ کیلئے ہرشہری کو کردار ادا کرنا ہوگا، قادر بخش

  • July 5, 2018, 10:37 pm
  • National News
  • 55 Views

زیارت( خ ن )ڈپٹی کمشنر زیارت قادر بخش پرکانی کی زیر صدارت انسدادپولیو مہم کے سلسلے میں ڈی پیک کااجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی ایچ اوزیارت ڈاکٹر محمد نعیم زرکون نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع زیارت میں انسداد پولیو مہم 9جولائی سے شروع ہوکر 12 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔ڈپٹی کمشنر زیارت قادر بخش پرکانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین اور سرپرست پولیو ورکر ز سے تعاون کریں اور اپنے پھول جیسے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ مستقبل کے معمار پولیو وائرس سے بچ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا، صحت مندمعاشرے کا قیام پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے بغیر پورا نہیں ہوسکتا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر زیارت قادر بخش پرکانی کی زیر صدارت تمام محکموں کے آفیسران کاتعارفی اجلاس ہو ا۔اجلاس میں تمام محکموں کے آفیسران نے اپنے محکموں کے بارے میں بریفنگ دی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام آفیسران اپنی جائے تعیناتی پر اپنی حاضری یقینی بنائیں اور عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کردار ادا کریں اس سلسلے میں کوتاہی اور غفلت کو برداشت نہیں کریں گے۔