اسلام نے یتیموں کیساتھ اچھے سلوک کا حکم دیا ہے، امین عطاری

  • July 5, 2018, 10:37 pm
  • National News
  • 86 Views

کوئٹہ (پ ر) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن ونگران باب المدینہ کراچی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ اسلام سے قبل دیگر برائیوں کے ساتھ یتیموں کے ساتھ برا سلوک کرنا اور ان کا حق دبانا عام تھا اسلام نے ناصرف یتیموں کے حقوق بیان کئے بلکہ ان سے نرمی وشفقت کا برتاؤ کرنے اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنے کا حکم فرمایا ہے۔دین اسلام کی یہ بڑی خوبصورت تعلیم ہے جس میں یتیموں کیساتھ اچھا سلوک کرنے کی ترغیب دی گئی ہے،یتیموں کو حق سے محروم نہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے گھروں میں بہترین گھر وہ ہے جس میں یتیم کیساتھ اچھا سلوک کیا جاتا ہے،جس نے یتیم بچے کے کھانے کی ذمہ داری لی تو اللہ تعالیٰ اسے جنت میں داخل فرمادے گا ،جویتیم کے سر پراللہ کی رضا کیلئے ہاتھ پھیرے تو اللہ تعالیٰ اسے ہر بال کے بدلے نیکی عطا فرمائے گا جو اس کے ہاتھ کے نیچے سے گزرا۔حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ جو یتیم کی کفالت کرتا ہے اللہ تعالیٰ کی رحمت سے عظیم ثواب کا حق دار بن جاتا ہے ،اللہ کرے یتیم کی کفالت کا اہتمام ہوجائے ان کی پرورش کریں اور اس سلسلے میں ذرائع بھی اختیار کئے جائیں اور احتیاط کو بھی مدنظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایسے حالات پیدا ہوجاتے ہیں جب ایک دوسرے کی مدد کی ضرورت پیش آتی ہے ،نیکی کریں نیکی ضائع نہیں ہوتی خوشدلی کے ساتھ لوگوں کی مدد کریں اللہ برکت دے گا۔انہوں نے کہا کہ یتیموں کے مال سے مستحب کاموں میں بھی خرچ نہیں کیا جاتا ،نیکیوں میں دل نہ لگنے کی ایک وجہ گناہ بھی ہیں گناہوں سے بچیں تاکہ نیکیاں کرنا آسان ہوجائے۔