آزادی صحافت پر کوئی قدغن برداشت نہیں، پی ایف یو جے

  • July 5, 2018, 10:37 pm
  • National News
  • 64 Views

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) پا کستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے یر اہتمام تحریک آزادی صحافت کے پہلے مرحلے میں ڈان اخبار اور ٹی وی چینل کے خلاف شروع کی جانے والی کارروائیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب پر سیاہ جھنڈا لہرایا گیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی مظاہرین نے آزادی صحافت کے حق میں نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر سلیم شاہد ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے صدر خلیل احمدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر پانچ جولائی 1977ء کی تاریخ دہرائی جارہی ہے اس دن آمر جنرل ضیاء الحق نے پاکستان میں ایک جمہوری حکومت ختم کرکے ملک کے آئین کو معطل کرتے ہوئے مارشل لاء نافذ کیا اور شہریوں کے تمام بنیادی حقوق معطل کردیئے تھے خصوصاً اس آمرانہ دور میں صحافیوں کو بری طرح نشانہ بنایا گیاجس میں صحافیوں کو کوڑے مارے گئے اور جیلوں میں ڈالا گیا لیکن ملک بھر کے غیور صحافیوں نے آمر کے سامنے جھکنے سے انکا ر کردیا اور آزادی صحافت کا دفاع کیا اور بھر پور تحریک چلائی آج ایک بار پھر اس آمرانہ دور کی تاریخ دہراتے ہوئے ملک کے بڑے ادارے ڈان کو نشانہ بنایا جارہا ہے جہاں اخبارات کی ترسیل بند کردی گئی ہے وہیں اسکے سرکاری اشتہارات بھی بند کردیئے گئے ہیں جبکہ چینل کی نشریات بھی مختلف علاقوں میں بند کرادی گئی ہیں جو کہ آزادی صحافت پر قدغن لگانے کے مترادف ہیں لیکن صحافی اپنے قائدین کی تاریخ کو دہراتے ہوئے آزادی صحافت پر کسی بھی قدغن کوبرداشت نہیں کریں گے اور آزادی صحافت کیلئے بھر پور تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوسرے مرحلے میں 9جولائی کو پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اسکے بعد پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس جو بھی ہدایات جاری کرے گی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔