کوئٹہ مشترکہ گھر،صاف رکھنا سب کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹرکلیم اللہ

  • July 5, 2018, 10:36 pm
  • National News
  • 54 Views

کوئٹہ ( خ ن ) پلاسٹک تھیلیو ں کے استعمال سے شہر میں گندگی اور بہت سی مضر اور خطرناک بیماریاں معاشرے میں پھیل رہی ہیں۔ اس کے تدارک کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو بھر پور کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس سے متعلق شعورو آگاہی دینا ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار میئر میٹر وپولیٹن کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ نے ہفتہ وار صفائی مہم کے حوالے منعقدہ اجلاس خطاب سے کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر ہم سب کا مشترکہ گھر ہے شہر کی صفائی ہم سب پر لازم ہے کیونکہ ہمارے مذہب دین اسلام میں صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے ۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے ۔ شہر میں گندگی کی روک تھام کیلئے بائیوڈیگر یڈیشن پلاسٹک استعمال کرنے کیلئے آگاہی کو تیز کرنا چاہیئے ۔ اس موقع پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ قمبر دشتی نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی میں اساتذہ ، طلباء اورمیڈیا آگاہی مہم میں کلیدی کردار اد ا کرسکتے ہیں اور شہر کی صفائی کے حوالے سے لوگوں میں شعور و آگاہی اجا گر کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیئے ۔ ماحول کی صفائی سے انسانوں کے ذہنوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں اس ضمن میں 9 جولائی 2018 سے باقاعدہ طور پر صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ ، ڈائریکٹر جنر ل ماحولیات محمد طارق زہری ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ طاہر ظفر عباسی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔