سردار یار محمد رند الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار

  • July 5, 2018, 10:32 pm
  • Election 2018
  • 190 Views

کوئٹہ+اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سردار یار محمد رند کو حلقہ این اے 260اور پی بی 17کچھی سے الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دیدیا ،پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریار محمد رند نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اپنے حق میں فیصلے کو حق وسچ کی جیت قراردیتے ہوئے کہاہے کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنے صوبے اور حلقے کے عوام اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں ،ان خیالات کااظہارانہوں نے سوشل میڈیا پر دئیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں کیاہے ،سرداریارمحمدرند نے کہاہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے حق اور سچ پر مبنی فیصلہ دیااور انہیں حلقہ این اے260اور پی بی17کچھی میں انتخابات کیلئے اہل قراردیاہے ،تحریک انصاف کے تمام عہدیداران اور ممبران کو جنہوں نے غم وغصے اور اذیت سے وقت گزارا ہے کو میں فیصلے پر مبارکباد پیش کرتاہوں بلکہ انہیں تاکید کرتاہوں کہ وہ جوش اور جذبے کے ساتھ پارٹی پیغام کو عام کرنے اور نامزد امیدواران کو کامیاب کرنے کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کارلائیں انہوں نے حلقہ این اے 260اور کچھی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ مہربانی کرکے ہمیشہ کی طرح اب کے بار بھی ان پر اعتبار کرے اور چوروں ،ڈرگ مافیا سے اس صوبے اور ملک کو نجات دلائیں ،عوام صوبے کے حقوق پامال کرنے والوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ان کا ساتھ دیں تاکہ وہ ان کی آواز پارلیمنٹ کے ذریعے ملک بھر اور دنیا تک پہنچاسکیں ۔