ڈیمز کی تعمیر اور سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت کے ساتھ عالمی اداروں کا تعاون بے حد ضروری ہے،وزیراعلیٰ مری

  • July 5, 2018, 10:31 pm
  • National News
  • 48 Views

کوئٹہ(خ ن )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ حکومت وسائل کے درست استعمال ، بدعنوانی کے خاتمے ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے کوشاں ہے، صوبے سے پسماندگی کے خاتمے، تکنیکی تربیت کی فراہمی، ڈیمز کی تعمیر اور سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت کے ساتھ عالمی اداروں کا تعاون بے حد ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے یو این ڈی کے کنٹری ڈایریکٹر اگناسیوارتزا Ignacio Artazaسے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے جمعرات کے روز ان سے یہاں ملاقات کی۔ یواین ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر نے وزیر اعلیٰ کو پاکستان کے دیگر صوبوں اور بلوچستان میں یو این ڈی پی کے جاری مختلف منصوبوں سے متعلق بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ جعفرآباد، نصیرآباد سمیت مختلف اضلاع کے سکولوں کو فرنیچر فراہم کیا گیا ہے جبکہ یو این ڈی پی بلوچستان میں واٹر مینجمنٹ، چھوٹے ڈیموں کی تعمیر، زراعت اور صنعتکاری کے فروغ، گڈ گورننس، تکنیکی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں صوبائی محکموں سے معاونت کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یو این ڈی پی کے تحت الیکشن کمیشن کے عملے کو ملک میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے سلسلے میں تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے یو این ڈی پی کی بلوچستان میں پسماندگی کے خاتمے، لوگوں کا معیار زندگی بہتربنانے اور مختلف شعبوں میں تکنیکی تربیت فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گڈ گورننس کا قیام، وسائل کے درست استعمال اور انفراسٹکچرکی تعمیر کے لئے حکومت دستیاب وسائل کے مطابق کام کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی پیک کی شکل میں صوبے میں صنعتکاری کو فروغ حاصل ہو رہا ہے تاہم ہمارے پاس ہنر مند افراد کی کمی ہے جسے پورا کرنے کے لئے حکومت اپنی بساط کے مطابق کوششیں کر رہی ہے اوراس سلسلے میں حکومت یو این ڈی پی کی جانب سے تربیت فراہم کرنے کے منصوبوں کا ہر سطح پر خیر مقدم کریگی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں سرمایہ کاروں کی ایک اہم کانفرنس منعقد کی گئی جس میں سرمایہ کاروں نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے خطیر منافع کمایا جاسکتا ہے بلوچستان اپنے منفرد جغرافیائی محل و قوع اورطویل خوبصورت ساحل سمندر کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے ملک میں یواین ڈی پی کی جانب سے انتخابی عملے کو تربیت فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تربیت یافتہ انتخابی عملے سے انتخابات کے صاف شفاف اور غیر جانبدار انعقاد میں مدد ملے گی۔ یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر نے صوبائی حکومت کی صوبے سے پسماندگی کے خاتمے ، فنڈز کے بہترین استعمال کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صوبے سے غربت کے خاتمے ، تکنیکی تربیت کی فراہمی اور سرکاری محکموں کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے یو این ڈی پی کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔