دینی ذہن رکھنے والے ووٹرز سیکولر سیاست کو شکست دیں گے،مولانا ہاشمی

  • July 5, 2018, 10:28 pm
  • Election 2018
  • 85 Views

کوئٹہ (پ ر) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی ودینی جماعتوں کے کارکنان ،طلباء اور علمائے کرام ،بالخصوص دینی ذہن رکھنے والے ووٹرز غیر شائستہ اور سیکولر ذہن سیاست کو شکست دیں گے ۔ہم سیاست کو اسلامی بناکر قوم کو مسائل سے نجات دلائیں گے۔ مجلس عمل وسائل کی منصفانہ تقسیم کر کے امیرو غریب کا فرق ختم کرے گی ۔ بلوچستان ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ہے ۔کرپٹ سیاست اشرافیہ نے قوم کے وسائل کو لوٹ کر صرف اپنی جیبیں بھری ہیں جس کی وجہ سے عوام کے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھ گیے ہیں۔ عوام 25جولائی کو سوچ سمجھ کر ووٹ دینی قوتوں کے حق میں استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو پینے کے صاف پانی ، صحت عامہ کی سہولتیں ، بنیادی مراکز صحت کے قیام ، تعلیم کا اعلیٰ معیاری اخلاقی نظام فراہم کرے گی ۔ نوجوانوں کو روزگار ،خواتین کو ان کے بنیادی حقوق اور عوام کو تعلیم وصحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔دینی جماعتیں انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام لا کر اسے حقیقی طور پر اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی ۔ متحدہ مجلس عمل عام آدمی کے لیے سیاست کے دروازے کھول رہی ہے جبکہ ملک کی روایتی سیاسی جماعتوں نے ا ب تک یہ موقع صرف اپنے مامے، چاچے، بھتیجے، بھانجے، خوشامدی چمچوں اور ذاتی ملازموں کو دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست کو وڈیروں اور سرمایہ داروں نے بچہ جمہورا بنا کر رکھ دیا ہے۔ بڑی سیاسی پارٹیاں وراثت پر چل رہی ہے جبکہ سیاسی فیصلے پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کے طور پر کیے جارہے ہیں ان فیصلوں میں عام آدمی کا کوئی عمل دخل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہر فیصلے سے قبل عوام کے پاس جائیں گے اور ہر فیصلے میں انہیں شریک کریں گے۔ امیر العظیم نے کہا کہ عوام اپنی اپنی پارٹی اور لیڈر کو پسند ضرور کریں لیکن ان کی اندھی پرستش نہ کریں اور ان کے کردار کے گند اور اخلاقی کمزوریوں کوقبول کرنے سے انکار کردیں۔