ملک کو بحران سے بچانے کیلئے شفاف انتخابات ضروری ہیں، محمد عثمان کاکڑ

  • July 5, 2018, 10:27 pm
  • Election 2018
  • 84 Views

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک کے بہترین مفاد کیلئے صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری ہے ورنہ ملک بدترین بحرانوں کا شکارہوجائیگا، بلوچستان میں عسکری پارٹی (باپ)کو بنا کر ان کو آگے لانے کیلئے سازشیں کی جارہی ہے جبکہ ملکی سطح پر کسی بھی جماعت کو اکثریت نہ ملنے کی کوششیں کی جارہی ہے ،تاکہ ملک میں پارلیمنٹ کی بالادستی قائم نہ ہوسکے،جب تک عوام کی حکمرانی نہیں ہوگی اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتے الیکشن کمیشن کی پالیسی سے ہم اس وقت مطمئن نہیں تھے جب انہوں نے حلقہ بندی کرکے پشتون علاقوں کے 6نشستوں کو خراب کردیا ،یہ بات انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر پی ایس او کے سیکرٹری کبیر افغان،حاجی فیض اللہ ،حاجی آغا گل سلیمان خیل ،سابقہ صدر چیمبر آف کامرس محمد موسی خان کاکڑ ،جمعہ خان بادیزئی اور دیگر قبائلی عمائدین اور چیمبر کے عہدیداران بھی موجود تھے، عثمان کاکڑ نے کہاکہ اس وقت پشتونخواملی عوامی پارٹی کے تمام علاقوں میں امیدوار میدان میں ہے اور پارٹی کے عہدیدار شہر شہر گاؤں گاؤں جا کر انتخابی مہم چلارہے ہیں امید ہے کہ عوام ہمارے حق میں ووٹ استعمال کرینگے لیکن بلوچستان کی سطح پر ایک بار پھر الیکشن کو متنازعہ بنانے کیلئے ایک دفعہ الیکشن کمیشن نے غلط حلقہ بندیاں کرکے پشتون علاقوں کے چھ علاقوں کو خراب کردیا جبکہ اب ایک عسکری پارٹی (باپ )کو بنا کر اس کو آگے لانے کیلئے سرکاری مشینری استعمال کی جارہی ہے ،انہوں نے کہاکہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہے اور عوام جس ادارے کو منتخب کرتے ہیں اس ادارے کی بالادستی قائم ہونی چاہئے کیونکہ ملک کے تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ ہے ،انہوں نے کہاکہ اسی طرح عدالت ،بیوروکریسی سمیت تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کردار ادا کرے ورنہ اس سے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ،انہوں نے ایک سوا ل کے جواب میں کہاکہ صاف و شفاف الیکشن ملک کے عظیم تر مفادات میں ہے اگر خدانخواستہ الیکشن میں کوئی سازش کی تو ملک بحرانوں کا شکار ہوجائیگاا ور ہمارے سامنے بنگال ایک مثال ہے بنگلہ دیش کو الگ ہونے میں بھی اسی طرح سازشیں کی گئی تھی جو آج ہورہی ہے ،انہوں نے کہاکہ نیب نے ایک اور غلط تاثر دیدیا اور اعلان کیا کہ الیکشن سے قبل کوئی گرفتاری نہیں ہوگی اگر کسی نے کرپشن کیا تو اس کا احتساب کا ہونا ضروری ہے لیکن یکطرفہ احتساب نہ کل قبول تھا اور نہ آج قبول ہے ،انہوں نے ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ تاثر دیاجارہاہے کہ اس وقت الیکشن میں کسی بھی جماعت کو اکثریت نہیں ہونے دینگے تاکہ کوئی بھی جماعت اکثریت حاصل کرکے پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کام نہ کرسکے پشتونخواملی عوامی پارٹی نے اب تک کسی کے ساتھ الائنس نہیں کیا تاہم الیکشن سے قبل جمہوری قوتوں کے ساتھ الیکشن کیلئے رابطے قائم کرینگے ۔اس سے قبل حلقہ 28کے آزاد امیدوار صلاح الدین خلجی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ غیر مشروط طورپر پشتونخواملی عوامی پارٹی کے نامزد امیدوار غلام فاروق خلجی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہیں اور انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ 25جولائی کو ہونیوالے انتخابات اگر آزادانہ اور منصفانہ ہوئے تو بلوچستان بھر سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پشتونخواملی عوامی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔