انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا، صوبائی وزیر داخلہ

  • July 5, 2018, 10:27 pm
  • Election 2018
  • 102 Views

کوئٹہ ( خ ن )نگران صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں پرامن اور صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے ۔الیکشن کمیشن کی عام انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور عمل درآمد کرانے کے سلسلے میں کسی سے کوئی رعایت برتی نہیں جائے گی ۔تمام صوبائی و قومی اسمبلی کے امیدواران اور سیاسی پارٹیاں ضابطہ اخلاق پر مکمل طور پر عمل پیرا ہونگی ۔پولنگ عملے اور سامان کی باحفاظت منتقلی اور تعیناتی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔پولنگ اسٹیشنزپر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام بلا خوف وخطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں بریفنگ دینے کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے بتایا کہ عام انتخابات کے حوالے سے تمامتر انتظامات اور تیاریوں کوحتمی شکل دی جارہی ہے ۔پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ عملے اور سامان کی منتقلی ،سیکورٹی عملے کی تعیناتی ،ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنانے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام تر وسائل کو برؤے کار لاتے ہوئے فوری اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں کوئٹہ اورپشین اضلاع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ عملے کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنانے کے سلسلے میں امیدواران اور سیاسی پارٹیوں کے عہدیداران سے رابطے کئے جاچکے ہیں جبکہ اس سلسلے میں خلاف ورزی کر نے پر متعد د امیدواروں کے پوسٹرز اور بینرز فوری طور پر ہٹا دیے گئے ہیں ۔ضلعی اتنظامیہ کی جانب سے تمام جماعتوں اورامیدواروں کی انتخابی سرگرمیوں پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ اور عام انتخابات کے پرامن اورصاف شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ نگران صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں قلیل مدت میں زیادہ کام کرنے ہونگے۔اس سلسلے میں حائل رکاؤٹوں اورمسائل کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔تمام امیدواران ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے اس سلسلے میں خلاف ورزی کرنے والے متعلقہ امیدوار کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پولنگ عملے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں کو ئی کسر چھوڑی نہیں جائے گی۔اس سلسلے میں پولیس ،لیویز اور ایف سی کی اضافی نفری کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیبات کا عمل جلد ازجلد مکمل کیا جائیگا ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواران اورسیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں پابند کریں۔اس سلسلے میں تمام پارٹیوں کے سربراہان اورنمائندگان کا اجلاس طلب کرکے انہیں ضابطہ اخلاق پر عمل پیرا ہونے پر زور دیاجائے۔