زہری قبائل نے جمعیت علماء اسلام کے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا

  • July 5, 2018, 10:25 pm
  • National News
  • 111 Views

کوئٹہ(این این آئی)زہری قبائل کے سردارزادہ میر جاوید احمد لہڑی نے جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل اورحلقہ پی بی 32سے نامزد امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری اوراین اے 266سے نامزد امیدوار حافظ حسین احمدکی موجودگی میں انکی بھر پور حمایت کا اعلان کردیاانہوں نے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری وہ واحد لیڈر ہیں جن کا تعلق بلوچستان سے ہے وہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ بھی رہے اور جمعیت کے مرکزی عہدیدار بھی ہیں اوراسی طرح انکی بلوچستان کے عوام اور پاکستان کیلئے بڑی خدمات ہیں میں اپنی اقوام لہڑی کے ساتھ انکی بھر پور حمایت کا اعلان کرتا ہوں اور میں اپنی قوم سے کہتا ہوں کہ وہ 25جولائی کو کتاب پر مہر لگاکر اپنی حب الوطنی اور اسلام دوستی کا ثبوت دیں۔ اس موقع پر قبائلی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ پی بی 32کے نامزد امیدوار مولاناعبدالغفور حیدری نے کہا کہ سردارزادہ میر جاویداحمد لہڑی اورپوری اقوام لہڑی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے جمعیت علماء اسلام کی حمایت کااعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت ایک ملک گیرجماعت ہے اور پورے ملک اور بالخصوص بلوچستان کو ایک ترقی یافتہ صوبہ دیکھناچاہتی ہے ماضی میں وفاق نے بلوچستان کو نظر انداز کیا ہے جس کی وجہ سے آج تک بلوچستان پسماندہ ہی رہا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کو ایک ماڈل سٹی بنائیں گے بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے اور کوشش ہوگی کہ لوگوں کے بنیادی مسائل حل ہوں۔ اس موقع پر جمعیت کے مرکزی ترجمان و قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 266سے نامزد امیدوارحافظ حسین احمد نے کہا کہ ملک اسلام کے نام پربنایہ اسلام کے نام پر ہی قائم رہے گا اوراسلام ہی انسانی حقوق فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے اسلام بھائی چارے کا مذہب ہے اوراسلام میں تمام قومیتوں ،اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں ۔متحدہ مجلس عمل کے حلقہ پی بی 31سے امیدوارمیراسحاق ذاکر شاہوانی نے کہا کہ کامیابی کے بعد میں اپنے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کروں گا اور میں عوامی خدمت کا جذبہ رکھتا ہوں انفرادی طور پر بھی میں نے ماضی میں علاقے کے لوگوں کی خدمت کی ہے کامیاب ہوکر انشاء اللہ حلقے کی تقدیر بد ل دوں گا۔