بلوچستان کے عوام گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں بلوچستان عوامی پارٹی کی کوشش ہوگی کہ 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں عوام کے ووٹوں کی طاقت سے برسراقتدارآکر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے، جام کمال خان

  • July 4, 2018, 10:25 pm
  • National News
  • 43 Views

اوتھل(نامہ نگار)بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر و سابق وفاقی وزیر جام کمال خان علیانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں بلوچستان عوامی پارٹی کی کوشش ہوگی کہ 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں عوام کے ووٹوں کی طاقت سے برسراقتدارآکر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے پارٹی کی پہلی ترجیح تعلیم ،صحت اور نواجون کو روزگار کی فراہمی ہوگی ، 70سال سے وفاق کی جانب سے صوبے کو نظر انداز کئے جانے کے باعث یہاں کے عوام کی احساس محرومی میں اضافہ ہوا ہے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو ڈسٹرکٹ لسبیلہ میں مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن ہمیشہ وفاق میں برسراقتدارآنے والی جماعتوں نے بلوچستان کو کوئی اہمیت نہیں دی جسکے باعث صوبے کے عوام کے مسائل اوراحساس محرومی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک منصوبہ ایک بہت بڑا میگا پروجیکٹ ہے لیکن سابقہ حکومت نے اس اہم پروجیکٹ میں بھی بلوچستان کو نظر اندازکرکے اس منصوبے کیلئے آنے والے فنڈز کو ایک صوبے کی ترقی پر خرچ کیا جو بلوچستان کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے معدنی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان سے حاصل ہونے والے وسائل کو صوبے کی ترقی اور عوامی کی خوشحالی کیلئے خرچ کرے گی۔ جام کمال نے کہا کہ 25جولائی کو ہونے والے انتخابات بڑی اہمیت کے حامل ہیں اس روز عوام گھروں سے نکل کر زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنا ووٹ کاسٹ کرکے مخلص اورایماندار نمائندوں کو کامیاب بنائیں تاکہ وہ ایوانوں میں جاکر انکے مسائل کے حل کیلئے موثر کردارادا کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا قیام بھی بلوچستان کے ساتھ ماضی میں ہونے والی زیادتیوں کا نتیجہ ہے بلوچستان عوامی پارٹی عوام کو یقین دلاتی ہے کہ انشاء اللہ پارٹی بلوچستان کے عوام کو مایوس نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام 25جولائی کے انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے نمائندوں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں ۔