امن وامان کی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے تحفظ پر تفصیلی بریفنگ

  • July 4, 2018, 9:17 pm
  • National News
  • 54 Views

کوئٹہ (خ ن +سٹاف رپورٹر) حکومت بلوچستان اور بلوچستان اکنامک فورم کے اشتراک سے بدھ کے روز یہاں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے گول میز کانفرنس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری تھے جبکہ چینی قونصل جنرل مسٹر وانگ یو نے خصوصی طور پر کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں چینی سرمایہ کاروں کے علاوہ چین کی بڑی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے۔ کانفرنس کے شرکاء کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، منیجنگ ڈاریکٹر بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اورا نسپکٹر جنرل پولیس کی جانب سے بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ، امن و امان کی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ چینی سرمایہ کاروں نے صوبے میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا اور اس ضمن میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں سے سوالات کئے جن کے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دئیے گئے۔ چینی قونصل جنرل نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سی پیک کے منصوبوں کی پیش رفت اور تکمیل کے بارے میں آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کو چینی حکومت کی خصوصی دلچسپی اور ترجیح قرار دیا اور یقین دلایا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں چینی حکومت اپنا کردار ادا کریگی۔ انہوں نے چین کے عوام اور حکومت کی جانب سے بلوچستان کے عوام سے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا۔ کانفرنس سے وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی اور بلوچستان اکنامک فورم کے صدر سردار شوکت پوپلزئی نے بھی خطاب کیا اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اپنے ادارے کی کاوشوں سے آگاہ کیااور کانفرنس کے انعقاد کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے چینی مہمانوں کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کئے۔