سعید ہاشمی نے الیکشن کمیشن کی یقین دہانی پر درخواست واپس لے لی

  • July 3, 2018, 10:50 pm
  • National News
  • 278 Views

کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس جناب جسٹس نذیراحمد لانگوپرمشتمل بینچ نے بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی کی جانب سے انتخابی فہرستوں کی عدم فراہمی کے حوالے سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کی جس کے دوران الیکشن کمیشن کے حکام کی جانب سے امیدوار کو فوری طورپر انتخابی فہرستیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی جس پر سعید احمد ہاشمی کی جانب سے دائر درخواست واپس لے لی گئی۔ دریں اثناء بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس جناب جسٹس نذیراحمد لانگو پرمشتمل ڈویژنل بینچ کے روبرو اقلیتی رہنماء سینیٹر ڈاکٹراشوک کمار کی جانب سے امیدوار شام لعل کے کاغذات نامزدگی کے منظوری کے خلاف دائر آئینی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیاگیا۔گزشتہ روز درخواست کے سماعت کے موقع پر فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل کرلئے گئے جس کے بعد بینچ نے مذکورہ درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بینچ نے سابق وزیر داخلہ شعیب احمد نوشیروانی کی جانب سے دائر 2آئینی درخواستیں بھی نمٹادی ہیں ۔