اووربلنگ اور لوگیس پریشر کا مسئلہ حل کیاجائے ، وزیراعلیٰ

  • July 3, 2018, 10:49 pm
  • National News
  • 114 Views

کوئٹہ(این این آئی )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری سے منگل کے روز جنرل منیجرسوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی نے ملاقات کی۔ نوابزادہ ریاض نوشیروانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جی ایم ایس ایس جی سی نے وزیر اعلیٰ کو صوبے کے مختلف اضلاع کو گیس کی فراہمی اور دیگر امور پر بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں اوور بلنگ کے خاتمے اور صارفین کی سہولت کے لئے ایس ایس جی سی نے گھریلو صارفین کو فلیٹ ریٹ پر گیس کی فراہمی کے لئے حکمت عملی واضع کی ہے جسے جلد عملی جامعہ پہنایا جائیگا تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو بلنگ نیٹ میں شامل کیا جاسکے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صارفین کو اوور بلنگ کے ساتھ ساتھ لو گیس پریشر جیسی مشکلات کا سامنا ہے جسے کو دور کرنے کے لئے متعلقہ حکام ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان گیس کی نعمت سے مالامال صوبہ ہے تاہم ابھی تک اس کے متعدد اضلاع گیس جیسی اہم سہولت سے محروم ہیں جس سے ایک طرف لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے تو دوسری طرف لوگ درختوں کو ایندھن کے متبادل استعمال کرنے کے لئے کاٹ رہے ہیں جس سے ماحول میں بگاڑ پیدا ہورہا ہے، وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جن اضلاع میں ایل پی جی پلانٹوں کے ذریعے گیس فراہم کی جاری ہے ان اضلاع میں لو گیس پریشر اور گیس کی لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کے جن اضلاع میں ایل پی جی پلانٹس کے منصوبے تکمیل کے مراحل سے گزر رہے ہیں انہیں ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد گیس کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں، صوبائی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔