چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن کا بیوٹمز کادورہ

  • July 2, 2018, 11:43 pm
  • National News
  • 52 Views

کوئٹہ (پ ر )ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے بروزپیربلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا خصوصی دورہ کیا ۔وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری کا بیوٹمز پہنچنے پر استقبال کیا جبکہ بیوٹمز کے متعلق جامع بریفینگ دی چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے بیوٹمز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا وراساتذہ اور سنیئر حکام سے ملاقات بھی کی۔وائس چانسلربیوٹمز احمد فاروق بازئی نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری کو دوران بریفنگ بتایا کہ بیوٹمز بلوچستان میں تعلیمی بہتری میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے جبکہ بیوٹمز میں دستیاب بہترین تعلیمی ماحول بلوچستان کے طلباء کی قابلیت اور دسترس کو مد نظر رکھتے ہوئے قائم رکھا گیا ہے جس سے بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے طلباء کواپنے شہرو صوبے میں ہی بیوٹمز کی صورت دنیا کی بہترین و جدید جامعات کا ماحول میسر آ رہا ہے۔چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے اساتذہ اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا منصب سنبھالنے کے بعد بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز پاکستان کی پہلی جامعہ ہے جہاں میں نے دورہ کیا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کی ضرورت سب سے زیادہ پسماندہ علاقوں اور طبقات کو ہے اوریہی طبقات میری ترجیح اور میرے دل کے قریب ہیں ان کا کہنا تھا کہ جامعات کو مضبوط کرنا عمارتیں بنانا نہیں بلکہ طلباء اور اساتذہ کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنا ہے۔