سابق ڈی جی ایکسائز کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت میں جمع

  • July 2, 2018, 11:15 pm
  • National News
  • 262 Views

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) قو می احتسا ب بیو رو (نیب )بلو چستان نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن اور اختیارات سے تجاوز کے الزام میں سابق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز محمد قاسم اور سابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر بشیر احمد بلوچ کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کو ئٹہ میں جمع کرادی ہے ،گزشتہ روز نیب حکام کی جانب سے احتساب عدالت کوئٹہ ون میں جمع کرائے گئے ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریفرنس میں نامزد ملزمان کے خلاف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں اختیا رات سے تجا وز اورغیر قانونی طور پر سینکڑوں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے انکشاف کے بعد تحقیقات عمل میں لائی گئی جس سے یہ بات ثابت ہوئی کہ آفیسران نہ صرف 6 سو سے زائد گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن میں ملوث ہیں بلکہ انہوں نے اختیارات سے تجاوز بھی کیا ہے اس وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے ۔ ریفرنس میں ملزم بشیر احمد بلوچ پر ایمنسٹی اسکیم 2013 کی گاڑیوں کی ٹیکسز کی رقم غیر قانونی طور پر نکالنے کا الزام ہے بلکہ کہا گیا ہے کہ بشیر احمد بلوچ کی سال 2001ء میں مدت ملازمت پوری ہو گئی تھی مگر ریفرنس میں نامزد ملزمان کی ملی بھگت سے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے آفیسر بشیر احمد بلوچ 2012 تک غیر قانونی طور پر ملازمت کرتے رہے بلکہ اس دوران سینکڑوں گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن بھی کی گئی جن کی فائلیں ریکارڈ میں موجود نہیں ہیں ۔ مذکورہ آفیسر کو غیر قانونی طور پر گریڈ 17 کے اختیارات سونپے جانے کا ذکر بھی ریفرنس میں موجود ہے ۔ ریفرنس میں نامزد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے آفیسر بشیر احمد بلوچ ضمانت پر ہے جبکہ اس سلسلے میں نیب عدالت کی جانب سے مزید احکامات آج دیئے جانے کا امکان ہے ۔ نیب نے ملزمان کے خلاف نیب آرڈیننس 1999 زیر دفعات 9(a),(vi)(vii)and(xii) کے قابل سزا دفعات کے تحت ریفرنس دائر کی ہے ۔دریں اثناء احتساب عدالت ون کے جج منور شاہوانی نے ڈیتھ گرانٹ کی مد میں خرد برد کیس کی سماعت کی سابق سیکرٹری ویلفیئر عطاء اللہ جوگیزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر سراج الدین پیش ہوئے نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ عدالت میں پیش ہوئے سماعت کے دوران تین گواہان کے بیانات قلمبند، جرح مکمل کر لی گئی عدالت نے کیس کی سماعت 18 جولائی تک ملتوی کردی واضح رہے کہ سابق سیکرٹری ویلیفئر و دیگر ملزمان پر ڈیتھ گرانٹ کی مد میں 5 ملین روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔احتساب عدالت ون کے جج منور شاہوانی نے غیر قانونی اثاثہ جات کیس کی سماعت کی نامزد ملزم سابق پٹواری غلام فرید عدالت میں حاضر نہ ہوا، گرفتار ملزم مختار احمد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ عدالت میں پیش ہوئے وکلاء صفائی کی عدم حاضری کے باعث سماعت بغیر پیش رفت کے 12 جولائی تک ملتوی کر دی گئی واضح رہے کہ ملزم غلام فرید پر دوران ملازمت کروڑوں روپے مالیت کے غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔کیو ڈی اے میں غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق احتساب عدالت ٹو میں ریفرنس پر سماعت ہوئی کیس میں نامزد ملزمان ظفر اقبال مگسی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے احتساب عدالت ٹو کے جج پزیر بلوچ کی رخصت کے باعث سماعت بغیر پیش رفت کے 17 جولائی تک ملتوی کردی گئی ۔