وزیراعلیٰ کا کوئٹہ شہر کا اچانک دورہ

  • July 2, 2018, 11:15 pm
  • National News
  • 83 Views

کوئٹہ (خ ن )نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے پیر کے روز اچانک کوئٹہ شہر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پرنس روڈ، خدائیداد روڈ،مشین روڈ ،شارع اقبال اور جناح روڈ کا معائنہ کیا اور ڈپٹی کمشنرکوئٹہ کو ہدایت کی کہ کوئٹہ شہر بلخصوص شہر کی معروف تجارتی شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے فوری کارروائی عمل میں لاکر تجاوزات کا خاتمہ کیاجائے اورشہر میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنائی جائے تاکہ کوئٹہ شہر کی کھوئی ہوئی خوبصورتی دوبارہ بحال ہوسکے، وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ کوئٹہ شہر کے تمام شاہراہوں سے ڈبل پارکنگ کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ شہر میں پارکنگ کے لئے مناسب منصوبہ بندی اور ٹریفک سگنلز کی فعالی کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آسکے، ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ان کے پاس جو مجسٹریٹ کا عملہ ہے اس میں اسٹاف کی کمی کے سبب تجاوزات ہٹانے میں دشواری کا سامنا ہے جس پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجسٹریٹ اسٹاف کی تعینا تی جلد از جلد عمل میں لائی جائے، وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ شہر میں سیاسی جماعتوں کی پینافلیکس اور بینرز جو انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے برخلاف شہر کے مختلف حصوں میں آویزاں کئے گئے تھے ان کے خلاف موثر کاروائی کرنے پر ڈپٹی کمشنر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتخابات کے ضابطہ اخلاق کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، و زیراعلیٰ نے تاجروں سے بھی اپیل کی ہے کہ کوئٹہ شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے کیلئے تجاوزات کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا گھر ہے اس کی بہتری ، صفائی اور خوبصورتی کے لئے ہم سب کو اپنا موثر کردار ادا کرناچاہئے تاکہ صوبے سے باہر آنے والے لوگ کو ایک اچھا تاثر لے کر یہاں سے جائیں۔