نئی نسل کو جدید تعلیم اور سائنسی شعور سے لیس کرناہوگا، گورنراچکزئی

  • July 2, 2018, 11:15 pm
  • National News
  • 89 Views

کوئٹہ (خ ن ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی وسیاسی پسماندگی سے نکالنے اور ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ ہم قدم ہونے کیلئے سب سے اہم ضرورت اعلیٰ تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور نئی نسل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید تعلیم اور سائنسی شعور سے لیس کرنا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلوچستان کے سرکاری جامعات کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال ،پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، انجینئر احمد فاروق بازئی پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین ، پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر سجاد احمد بھٹہ سمیت ہائیر ایجوکیشن کے نمائندے بھی موجود تھے ، شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کے نظام اورطریقوں کو جدید بنانے کے ساتھ آج کی پل پل بدلتی دنیا کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے ، گورنر نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا کہ براعظم اشیاء کے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصل ہونے والے روایتی علوم کے حامل تو ہوتے ہیں لیکن ان کا علم ودانش معاشرے کی ترقی ، تبدیلی اور ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ چلنے یا عالمی علم وتحقیق میں اضافہ کا باعث بننے میں کارگرنہیں ہوتا ،انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تدریس کے عمل کو تخلیقی انداز میں آگے بڑھایا جائے اور نوجوان نسل کو بامقصد اور مفید تعلیم دی جائے جو ترقی یافتہ ملکوں کے تعلیمی معیار کے مطابق ہو، گورنر نے کہا کہ بلوچستان کے سرکاری یونیورسٹیوں کے فنڈز میں اضافہ سے کئی مثبت اثرات مرتب ہونگے ، گورنر نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حکام اور صوبائی حکومت اور وائس چانسلر صاحبان کے درمیان مسلسل اور متحرک رابطے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پالیسی مرتب کرنے ان پر عملدرآمد اور نئی ضروریات کے مطابق تبدیل کیاجاسکیں ،آخر میں گورنر بلوچستان نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کو یادگاری شیلڈ دیدیا۔