آواران ، فورسز پر شرپسندوں کا حملہ 6اہلکار شہید دو زخمی ، نوشکی میں جھڑپ5سمگلرگرفتار، اسلحہ ومنشیات برآمد

  • July 2, 2018, 9:07 pm
  • National News
  • 354 Views


کوئٹہ (این این آئی)ضلع آواران کے علاقے میں سکیورٹی فورسز پر شرپسندوں کا حملہ چھ اہلکار شہید دو زخمی ،سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق پیر کو آواران کے علاقے مشکے میں سیکورٹی فورسز کی بم ڈسپوزل ٹیم پر شرپسندوں نے قریبی پہاڑوں سے فائرنگ اور راکٹوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چھ اہلکار ہوالدار شبیر،سپاہی سراج ،سپاہی اللہ نذر،سپاہی بشیر،سپاہی عابد حسین ،سپاہی شیرازشہید جبکہ سپاہی احسن اورسپاہی راشد زخمی ہو گئے ،حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہداء کی میتوں کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کردیا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی مزید کاروائی جاری ہے ۔
نو شکی(نامہ نگار)بلو چستان کے ضلع نو شکی میں پا ک افغا ن بارڈر کے قریب کلی زین الدین نذد عیسیٰ چاہ کے قریب فورسز اور منشیات اسمگلروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوگیاہے جبکہ ایک زخمی اسمگلر سمیت5اسمگلروں کو حراست میں لے لیاگیاہے ۔اطلاعات کے مطا بق گزشتہ روز 2گاڑیوں میں سوار مسلح منشیات اسمگلروں نے پاکستان میں داخلے کی کوشش کی تو اس دوران ایف سی اہلکاروں نے انہیں روک جانے کا کہا تاہم انہوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایف سی اہلکار شفقت حسین زخمی ہوگیا بعدازاں ایف سی کی جانب سے بھرپور کارروائی کے بعد ایک زخمی سمیت5منشیات اسمگلروں کو حراست میں لے لیاگیا۔سیکورٹی فورسز کے مطابق دونوں گاڑیوں سے بڑی تعداد میں منشیات اور اسلحہ برآمدکرلیاگیاہے برآمد اسلحہ میں راکٹ لانچر،ایس ایم جیز ،راکٹ اور میگزین سمیت دیگر شامل ہیں ۔گرفتار اسمگلروں سے مزید تحقیقات جاری ہے ۔