بلوچستان کی سیاست ہمارے بغیر نامکمل ہے ، نواب ثناء اللہ خان زہری

  • July 2, 2018, 9:05 pm
  • National News
  • 168 Views

خضدار(نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان و پی بی 38سے ن لیگ کے نامزد امیدوار نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان کی سیاست ہمارے بغیر نامکمل ہے ،ہم نے ہمیشہ سیاست عوام کی خاطرکی اور اقتدار کو عوام ہی کے تابع بنادیا ، تاریخ گواہ ہے کہ جھالاوان سمیت پورے بلوچستان میں ہمارے ترقی کے نشانات موجود ہیں۔آج بھی عوام کی قوت او ر ان کی پذیرائی ہمارے ساتھ ہے اور انشاء اللہ فتح حق و سچ کی ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سیاسی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر میر عبدالرحمن زہری چیئرمین عبدالحی زہری ، میر عبدالوہاب زہری ، میر راوت خان زہری و دیگر بھی وموجود تھے ۔ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خا ن زہری نے کہاہے کہ 1988سے آج تک ہماری طویل سیاسی تاریخ میں ہمارے قدموں میں کبھی بھی لغزش اور جنبش نہیں آئی ، ہم اپنی سیاست پر ثابت قدم رہے ہیں اورآئندہ بھی رہیں گے ہمارے ساتھ عوام کی طاقت موجود ہے ۔ہمارے لئے یہ بات باعث اطمینا ن ہے کہ عوام کی خوشحالی و فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ہم نے صوبے کو امن دیا، آج لوگ سکون سے اپنے گھر آو جارہے ہیں ، ایک دن وہ تھا کہ چمن یا کوئٹہ سے کراچی تک سفر کرنا محال تھالوگ دن دیہاڑے لوٹے جاتے اور اغوا ہوجاتے تھے ۔ تاہم ہماری حکومت نے صوبے کو پرامن صوبہ بنایا دیر پا قیام امن ہماری کار کردگی اور محنت و حکمت عملی کے مرہون منت ہے ، انہوں نے کہاکہ میں ایک بار پھر عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہو کر عوام کی خوشحالی اور فلاح وبہبود کے لئے کام کرونگا ۔ ۔۔