نگران حکومت عوام کے اطمینان کے مطابق صاف اور شفاف انتخابات کرانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے،خرم شہزاد

  • July 2, 2018, 9:04 pm
  • National News
  • 75 Views

کوئٹہ (خ ن ) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان صوبائی حکومت خرم شہزاد نے کہا ہے کہ نگران حکومت عوام کے اطمینان کے مطابق صاف اور شفاف انتخابات کرانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نگران حکومت آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کے انعقاد اور اس دوران پر امن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف اقدامات کررہی ہے تاہم یہ ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس میں معاشر ے کے تمام اہم حصوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے عہد میں جنگ اور امن ہر حال میں میڈیا کا کلیدی کردار ناقابل تردید ہے ۔ صوبائی وزیر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بلوچستان کا میڈیا مثبت کردار اد ا کررہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امن برقرار رکھنے اور خوشگوار ماحول میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے ذرائع ابلاغ اہم کردار ادا کرتے ہیں اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو زیادہ فعال ، سرگرم اور متوازن کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انتخابات کی تیاری سے لیکر پولنگ کے اختتام تک ہر مرحلے سے ذرائع ابلاغ کو مکمل طور پر آگاہ رکھنے اور انہیں پیشہ وارانہ فرائض کی مؤثر ادائیگی کیلئے تمام سہولتیں مہیا کرے گی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیا ریاست کے ایک اہم ستون کے طور پر اپنا کردا ر بھی ادا کرتا ہے اور نگران حکومت میڈیا کی آواز اور تجاویز پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ا نہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن کے تیارکردہ ضابطہ اخلاق کے حوالے سے رائے دہندگان میں شعور اور بیداری کو فروغ دینے میں میڈیا بامعنی اور فعال کردار ادا کرے گا ۔ صوبائی وزیر نے یقین ظاہر کیا کہ میڈیا سمیت معاشرے کے تمام حصوں کے بھر پور تعاون سے نگران حکومت صاف شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقاد میں پوری طرح کامیاب ہوگی ۔