بیلہ کے قریب آر سی ڈی ہائی وے پر پل گر گیا، کراچی اور کوئٹہ کے درمیان ٹریفک معطل

  • July 1, 2018, 11:06 pm
  • National News
  • 428 Views

حب (نامہ نگار ) بیلہ کے قریب آر سی ڈی ہائی وے پر پل گر گیا، کراچی اور کوئٹہ کے درمیان ٹریفک معطل ہوگیا ۔ سینکڑوں مسافر بسیں اور گاڑیاں تباہ شدہ پل کے دونوں اطراف پھنس گئیں ، ہزاروں مسافر خواتین اور بچے رات بھر کوئٹہ کراچی روڈ پر خضدار کی حدود بیلہ کے قریب پھنسے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے پہاڑی علاقوں سے حالیہ بارشوں کے پانی کے ریلوں کے باعث کراچی کوئٹہ آر سی ڈی شاہراہ پر بیلہ ا ور خضدار کے درمیان واقع ’’ سنگری پل ‘‘کے مقام پر سیلابی پانی کے ریلوں سے زبردست کٹاؤ کے باعث گر گیا ، پل کے گر جانے کے باعث اس مقام پر جاری ٹریفک کا سلسلہ معطل ہوگیا اور پل کے دونوں اطراف سینکڑوں مسافر بسیں اور گاڑیاں پل کے دونوں اطراف پھنس گئیں جسکے باعث ہزاروں مسافر خواتین اور بچے بسوں اور گاڑیوں میں تباہ شدہ پل کے دونوں اطراف رات بھر پھنسے رہے ۔ بعد ازاں قلات ڈویژن کے کمشنر سعید احمد جمالی کی ہدایت پر ایف سی بلوچستان اور لیویز فورس کی نگرانی میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے اتوار کو دن کے گیارہ بجے تباہ شدہ پل کے باعث پھنسی ہوئی گاڑیوں کیلئے متبادل راستہ بحال کرادیا اور ٹریفک کا معطل شدہ سلسلہ بحال ہوگیا جسکے بعد ’’ سنگری پل ‘‘ پر پھسنی ہوئی گاڑیاں اپنی اپنی منزل مقصود کی جانب روانہ ہوگئیں ۔