سابق وزیر لوگوں کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، فاروق شاہوانی

  • July 1, 2018, 11:03 pm
  • National News
  • 59 Views

کوئٹہ( پ ر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار برائے حلقہ پی بی 17کچھی حاجی فاروق شاہوانی نے کہا ہے کہ علاقے سے منتخب سابق وزیر علاقے میں سرکاری فنڈز کے ذریعے لوگوں کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی ہم کسی صورت اجازت نہیں دینگے، باشعور عوام علاقے کے وسیع تر مفاد کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار کو کامیاب کرائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔ حاجی فاروق شاہوانی نے کہا کہ کچھی کے عوام آج بھی زندگی کے بنیادی ضروریات سے محروم ہیں علاقے کے لوگوں نے مسائل کے حل کے لیے لوگوں کو یہاں سے منتخب کرایا مگر اقتدار میں پہنچتے ہی انہوں نے انہی لوگوں کو بھلا دیا جنہوں نے انہیں اسمبلی میں بھیجا تھا انہوں نے صرف ذاتی مفادات کو تحفظ فراہم کیا اور عوامی مسائل کو پس پشت ڈال دیا ہے جس کی وجہ سے آج کچھی کے عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص پانچ سال اسمبلی میں رہ کر اب سرکاری فنڈز کے ذریعے لوگوں کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی ہم کسی صورت اجازت نہیں دینگے ایسے لوگوں کا احتساب عوام اپنے ووٹ کے ذریعے کریں انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی قومی حقوق، وسائل پر واک و اختیار کیلئے جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں ہے انہوں نے علاقے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے کے وسیع تر مفاد کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔