چین بلوچستان فورم بناکر فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ،صوبائی وزیر داخلہ

  • July 1, 2018, 10:50 pm
  • National News
  • 159 Views

کوئٹہ (خ ن ) نگران صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی نے بلوچستان کی ترقی کیلئے دوست ملک چین کے تعاون اور خاص طور سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں علاقوں کے عوام کے مابین رشتے کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے چین بلوچستان فورم بناکر فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔صوبائی وزیر داخلہ نے اسلام آبادمیں عوامی جمہوریہ چین کے قائم مقام سفیر چاولی جیان کے ساتھ چینی سفارتخانے میں ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور خاص طورپر گوادر اور سی پیک کے معاملات کو زیر غور لایا گیا ۔ آغا عمر بنگلزئی نے چینی حکومت کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی خاص طور پر گوادر کے بجلی کے دیرنیہ مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی چینی سفیر نے بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مکمل تعاون کی پیشکش کی اورکہا کہ بلوچستان کی پسماندہ صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے چین بلوچستان میں ترجیحی بنیادوں پر منصوبوں کا آغاز کر رہاہے اور اگلے چند ماہ کے اندر سی پیک کے حوالے سے نئے منصوبوں کا افتتاح کیا جائے گا ۔