پولیس کو فنڈز اور سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ، وزیراعلیٰ مری

  • July 1, 2018, 10:50 pm
  • National News
  • 100 Views

کوئٹہ (خ ن )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے اتوار کے روز سٹیلائٹ ٹاؤن کوئٹہ تھانے کا دورہ کیا،ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن طاہر ظفر عباسی اور ڈی جی کیو ڈی اے فاروق لانگو بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈی آئی جی نے وزیر اعلیٰ کو دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف تھانوں کی صورتحال اور ان کو درپیش مشکلات سے متعلق بریفینگ دی ۔ وزیر اعلیٰ نے ڈی آئی جی کو ہدایت کی کہ سٹیلائٹ ٹاؤن تھانہ جو رہائشی علاقہ میں واقع ہے جس سے علاقہ مکین کو دقت کا سامناکرنا پڑتا ہے اورلوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ اسے رہائشی علاقہ سے کسی اور جگہ منتقل کیا جائے، وزیر اعلیٰ نے ڈی جی کیوڈی اے کو ہدایت کی کہ مجوزہ تھانے کے لئے مناسب جگہ پر اراضی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے، ڈی آئی جی نے بتایا کہ کوئٹہ شہر کے چار ددیگر ایسے تھانے جو رہائشی علاقوں میں قائم ہیں ان کی منتقلی کا کام جاری ہے جبکہ سٹیلائیٹ ٹاؤن تھانے کے لئے متبادل اراضی کے حصول کے بعد جلد اس تھانے کو بھی منتقل کردیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اورحوالا ت میں بند قیدیوں سے بات چیت بھی کی اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ کو ہدایت کی کہ تھانے میں صفائی کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینے کے علاوہ تھانوں میں عملہ سائیلین اور حوالاتیوں سے مناسب رویہ رکھا جائے پولیس عوام کی محافظ ہے پولیس اور عوام کے درمیان ااعتماد و احترام کے رشتے کے قیام سے جرائم اور پولیس سے متعلقہ عوامی شکایات ختم ہو سکتی ہیں۔، وزیر اعلیٰ نے ڈی آئی جی کو ہدایت کی کہ سٹیلائیٹ ٹاؤن سمیت شہر کے دیگر حصوں میں تجاوزات کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ ٹریفک کے روانی میں بہتری آ سکے۔، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ پولیس کو ضروری فنڈز اور سہولیات کی فراہمی حکومتی ذمہ داری ہے اگر حکومت محکمہ پولیس کو وسائل فراہم کرے گی تو پولیس کی کاکردگی میں بہتری آئے گی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجودحکومت پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے جس سے پولیس کی کارکردگی میں بھی خاطر خواہ بہتری آ رہی ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں ان قربانیوں کے نتیجے میں امن قائم ہوا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ پولیس کو فراہم کی گئی گاڑیاں اور ایگل فورس کی موٹر سائیکلوں کی مناسب دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایاجائے تاکہ دہشت گردوں او سماج دشمن عناصر کے خلاف بروقت اور بھرپور کاروائی میں رکاوٹ نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اداروں کی کارکردگی کی بہتری کے لئے جزاء وسزا کاتصور ضروری ہے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائیگی تاہم فرائض سے لاپرواہی ناقابل برداشت ہوگی۔ دریں اثناء صحت اور تعلیم کے شعبے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ریاست تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر عوام کو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تمام ضروری سہولتیں مہیا کرنا چاہتی ہے۔ یہ مستقل پالیسی ہے اور حکومتوں کی تبدیلی سے اس پالیسی پر کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ان خیالات کا اظہار نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں حکومت کی تمام تر توجہ کے باوجود موجود صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ وز یر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا دارو مدار تعلیم اور صحت کے شعبے میں ترقی پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند او ر تعلیم یافتہ نئی نسل ہی مستقبل کی بھاگ دوڑسنبھال سکتی ہے وزیرا علیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ صحت اور تعلیم کے دونوں شعبوں میں وافر بجٹ بھی موجود ہے اور عملہ کی بھی کوئی کمی نہیں انہوں نے کہا کہ حکومتی وسائل کے درست استعمال مناسب منصوبہ بندی اور پر خلوص کوششوں سے دونوں شعبوں میں مثبت نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت جتنی مدت بھی برسر اقتدار ہے وسائل کے درست استعمال اور خاص طور سے تعلیم اورصحت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے کوئی دقیقہ فر وگزاشت نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں کسی کمپرومائیز کی کوئی گنجائش نہیں ۔ا نہوں نے افسران او ر اہلکاروں کو تنبیہ کی کہ حکومت تمام ضروری وسائل فراہم کررہی ہے اور تعلیم اور صحت کے شعبے میں کسی غفلت اور کوتاہی کو قطعی برداشت نہیں کرے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دونوں انتہائی حساس اور اہم شعبوں میں موجود صورتحال کو تبدیل کرنا ہوگا اس کیلئے جو بھی ممکن ہواکیاجائے گا۔