تنخواہ اس ڈاکٹر کو ملے گی جو ڈیوٹی دے گا،صوبائی وزیر صحت

  • July 1, 2018, 10:49 pm
  • National News
  • 81 Views

کوئٹہ(خ ن) نگران وزیر صحت بلوچستان فیض کاکڑ نے سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں 3 غیر حاضر ڈاکٹروں کو معطل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنخواہ اس ڈاکٹر کو ملے گی جو ڈیوٹی دے گا ، جو ڈاکٹر ڈیوٹی نہیں دے سکتا وہ وہ نوکری چھوڑ دیں ، صحت اور تعلیم ہی ایسے شعبے ہیں جن کی غیر فعالی سے پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سول ہسپتال کوئٹہ کے اچانک دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ نگران وزیر صحت گزشتہ روز اچانک سول ہسپتال پہنچے اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر مریضوں کو بے یار و مددگار اور ٹراما سینٹر میں ڈاکٹروں کو غیر حاضر پاکر صوبائی وزیر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمے کو بطور نگران وزیر چلانے کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ محکمے کو لاوارث چھوڑ دوں جو ڈاکٹر ڈیوٹی نہیں دے سکتا وہ نوکری چھوڑ دیں ۔ تنخواہیں ان ڈاکٹرز کو ملیں گی جو ڈیوٹی دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کم از کم اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ ہم ملازمت کے ساتھ ساتھ یہاں کے ہی رہنے والے ہیں اور یہ ہمارا اپنا صوبہ اور لوگ ہیں اس احساس کے تحت ہی کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت ہی ایسے شعبے ہیں جن کی فعالیت اور غیر فعالی پورے معاشرہ کو متاثر کرتے ہیں لہذا ہم سب کو ان شعبوں کی بہتری کے لئے کام کرنا ہوگا۔