آئین میں موجود اسلامی دفعات کا تحفظ پہلی ترجیح ہے ، مجلس عمل

  • July 1, 2018, 10:46 pm
  • National News
  • 74 Views

کوئٹہ (آئی این پی) متحدہ مجلس عمل بلوچستان کے صدر و صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 3سے نامزد ا میدوارمولانا نوراللہ نے کہا ہے کہ سیکولر و لبرل لابی مملکت خدائیداد پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنا چاہتی ہے تمام دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل نے نظام مصطفی کے نفاذ اور آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات کا تحفظ اپنے منشور کی پہلی ترجیح قراردیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم باغ میں مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،مولانا نور اللہ نے کہا کہ بلوچستان میں حالات بتدیل ہورہے ہیں اور ایم ایم اے کی تشکیل کے بعد ہماری قوت میں مزیداضافہ ہوا ہے متحدہ مجلس عمل ایک بڑی قوت کے ساتھ پارلیمنٹ میں پہنچے گی اور اسلامی انقلاب و حقیقی تبدیلی صرف بلوچستان ہی نہیں پورے ملک میں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کواب مزید لسانی ، گروہی اور تعصبات کی بنیاد پر لڑاکر ووٹ حاصل کرنے کا وقت گزر گیا متحدہ مجلس عمل کا اتحاد اللہ تعالیٰ کا انعام ہے ایم ایم اے ملک میں نظام مصطفی کے قیام ،خواتین کے حقوق کے تحفظ ، کرپشن فری بلوچستان ،سودی نظام کے خاتمے ،اردو کو دفتری و تعلیمی و عدالتی زبان بنانے کو اپنے انقلابی منشور کا حصہ بنایا ہے اگرعوام نے متحدہ مجلس عمل پر اعتماد کیا تو بلوچستان کو تعلیم یافتہ اور خوشحال صوبہ بنانے کے ساتھ اپنے منشور پر عملدرآمد کرکے بے روزگاری کا خاتمہ کرینگے۔