یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر اتحاد کامظاہرہ عشق رسول ؐ کی دلیل ہے، غلام مصطفی کمال

  • June 29, 2018, 10:47 pm
  • National News
  • 57 Views

کوئٹہ (پ ر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی عالمگیر جنت البقیع کمیٹی کے ضلعی کنونیر غلام مصطفی کمال نے کہا ہے کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر ’’عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع ‘‘ کے پروگراموں میں دنیا بھر میں لاکھوں فرزندان توحید سنی شیعہ بھائیوں کی بھر پور شرکت عشق رسول ؐ و اہلبیت و صحابہؓ کی دلیل اور اس بات کا ثبوت ہے کہ امہات المومنین ، اہلبیت اطہار ، پاکیزہ صحابہ کبارؓ کے مزارات مقدسہ کسی ایک کی میراث نہیں اور ان کی مسماری پر پورا عالم اسلام سوگوار و دل گرفتہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنت البقیع کمیٹی کے ضلعی عہدیدارن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غلام مصطفی کمال نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم سب مل جل کر مقدس مزارات پر عالی شان روضے تعمیر کریں گے،جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے مزارات مقدسہ کا انہدام کشمیر و فلسطین اور بابری مسجد سمیت تمام مسائل کسی ایک ملک یا مکتب کے نہیں بلکہ عالم اسلام اور پوری انسانیت کے مسائل ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی مردان علی چنگیزی نے کہا کہ ملک بھر میں عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے جلوسوں اور پر امن احتجاجی ریلیوں سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پوری ملت اسلامیہ ابلیسی قوتوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ انہوں نے اس عہد کا اظہار کیا کہ تمام سنی شیعہ برادران ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر امن کا پیغام لے کر آگے بڑھتے رہیں گے ۔