وبائی اور جان لیوابیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے ،خرم شہزاد

  • June 29, 2018, 10:46 pm
  • National News
  • 55 Views

کوئٹہ (آئی این پی ) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان صوبائی حکومت ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ وبائی اور جان لیوابیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے لہٰذا ذرائع ابلاغ کے نمائندے محکمہ صحت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی فوری تشہیر کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان بیماریوں کے بارے میں عوام کو بروقت اطلاعات مہیا کریں تاکہ ان خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ اور شدت میں کمی کے ساتھ ساتھ لوگ حفاظتی تدابیر پر بھی عمل پیرا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگران صوبائی وزیر صحت فیض کاکڑسے ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہروں سمیت دور دراز علاقوں میں اکثر لوگوں کو بنیادی صحت کے اصولوں اور بیماریوں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں معلومات نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوتا ہے لہٰذا اس سلسلے میں معاشرے کے تمام باشعور افراد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ صحت عامہ کی بہتری کے بارے میں آگاہی پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں اس موقع پر صوبائی وزیر صحت فیض کاکڑ نے کہا کہ صوبائی محکمہ صحت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے پورے صوبے میں عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے ضروری اقدامات کررہا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے و بائی امراض و دیگر بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات اس وقت زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں جب اس مہم کو دور دراز علاقوں تک پہنچانے میں میڈیا اپنااہم کردار ادا کرے ۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کی جانب سے تاحال کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی محکمہ اطلاعات محکمہ صحت کے ساتھ مل کر شعورو بیداری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گا۔