عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کا عہد کررکھا ہے ،سعید احمد ہاشمی

  • June 9, 2018, 10:45 pm
  • National News
  • 50 Views

کوئٹہ (آن لائن ) بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ حلقہ پی بی 29سے نامزد امیدوار سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ ہم نے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کا عہد کررکھا ہے جسے پورا کرنے کے لئے کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے آنیوالا دور عوام کا ہوگا اور ایسا نظام تشکیل دیں گے کہ عوام کی حق حکمرانی قائم ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے سریاب روڈ، جائنٹ روڈ، بروری روڈ اور دیگر علاقوں سے ملاقات کے لئے آنیوالے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیااس موقع پر پارٹی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حسنین ہاشمی بھی موجود تھے سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ ہمارے گھرانے کی سیاست ہمیشہ سے عوام کی خدمت علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پیش پیش رہی ہے اسی بنیاد پر ہم سیاست کو عبادت کا درجہ دیتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ عوام کی خدمت ہی اصل سیاست ہے انہوں نے کہا کہ اقتدار ہو یا نہ ہو ہم نے اپنے حلقے کے لوگوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا اور ہر مشکل وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں جس کی بنیاد پر آج پورے علاقے سے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جارہی ہے جو ہمارے لئے ایک پیشگی کامیابی ہے ہمیں اپنے لوگوں کا تعاون درکار ہے تاکہ ہم یہاں رنگ ، نسل، قوم اور قبیلے کی سیاست سے بالا تر ہو کر بحیثیت پاکستانی ملکر بلوچستان کی خوشحالی اور ترقی کے لئے جدوجہد کریں ۔