ایمانداری سے بل ادا کرنیوالے صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ، وزیراعلیٰ کی کیسکو حکام کو ہدایت

  • June 9, 2018, 10:38 pm
  • National News
  • 47 Views

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر ) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، عوام عام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر اپنا رائے دہی کا استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمن کے عمائدین پر مشتمل ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے حاجی فیض اللہ نورزئی کی قیادت میں یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نگران حکومت صوبے میں غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنائے گی، تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں مواقع میسرہوں گے اور ہماری کوشش ہوگی کے تمام ووٹر بغیر کسی رکاوٹ کے پولنگ سٹیشنوں تک پہنچیں اور آزادی کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں،وفد نے نگران وزیر اعلیٰ کو عہدہ سنھبالنے پر مبارکباد پیش کی اوران کے موقف کی تائید کرتے ہوئے صوبے میں عام انتخابات کے انعقاد اور دیگر مسائل کے حل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کی زیر صدارت صوبے میں بجلی اور لوڈشیڈنگ کی صورتحال سے متعلق یہاں ایک اہم اجلاس جمعہٰ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو عطاء4 اللہ بھٹہ بھی شریک تھے۔ کیسکوچیف نے اجلاس کو کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بجلی کی فراہمی، لوڈشیڈنگ،صارفین اور مختلف سرکاری محکموں سے ہونے والی ریکوری سمیت بجلی کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی بریفینگ دی۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ایک زرعی صوبہ ہے، لوگوں کی ایک بڑی تعداد کا ذریعہ معاش زراعت سے وابستہ ہے، بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے ذمینداروں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وزیر اعلیٰ نے کیسکو حکام کو ہدایت کی کہ کوئٹہ سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بجلی کی فراہمی کے دورانیہ کو بڑھایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ذمینداروں اور دیگر صارفین پر زور دیا کہ وہ اپنے واجبات کی ادائیگی میں ایمانداری کا مظاہرہ کریں اور غیر قانونی ٹیوب ویل اور چوری کی بجلی کے استعمال کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ان زرعی اور دیگر صارفین جو ایمانداری سے بل ادا کرتے ہیں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئے ٹیوب ویل کی تنصیب سے قبل واٹر بورڈ سے این او سی کے حصول کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ غیر قانونی ٹیوب ویلوں کی تنصیب کو روکا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں زرعی ترقی اور توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے حکومت بجلی سے چلنے والی ٹیو ب ویلوں کو شمسی پر منتقل کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سرکاری محکموں کے ذمہ واجبات کی بروقت ادائیگی کی جائے اور کیسکو حکام کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت کے ذمہ واجب الادا رقوم کی ادائیگی کو جلدیقینی بنایا جائیگا ۔
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے انسانیت کی خدمت ایک عظیم عمل ہے جس میں ہم سب کوبڑھ چڑھ کرحصہ لیناچاہئے، ڈاکٹر کسی بھی معاشرے میں کسی مسیحا سے کم نہیں بلخصوص بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں آغا خان ہسپتال کراچی کے اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کا کلینک قائم کرنا عظیم اقدام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہٰ کے روز آغا خان ہسپتال کراچی کے اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ڈاکٹر صالحہ اسحاق کی سربراہی میں یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو اپنے کوئٹہ کے دورے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے آنے کا مقصد کوئٹہ میں عارضی کلینک کا قیام ہے تاکہ صوبے کے مریض جن کو اپنے علاج معالجے کے لئے کراچی آنا پڑتا ہے ان کے لئے آسانی پیدا ہوسکے۔ وفد نے بتایا کہ آغا خان ہسپتال کوئٹہ میں جلد E۔Clinicقائم کریگا جس سے صوبے کے مریضوں کو بہت فائدہ حاصل ہوگا اور ان کی کوشش ہوگی کے اسپیشلٹ ڈاکٹروں کی مختلف ٹیمیں وقفے وقفے سے کوئٹہ کا دورہ کر کے مریضوں کا معائنہ کریں، انہوں نے بتایا کہ بلوچستان سے مریضوں کی ایک بڑی تعداد علاج کے سلسلے میں کراچی آغا خان کا رخ کرتی ہے اس اقدام کا مقصد ان مریضوں کی مشکلات کو کم کر کے انہیں ان کی دہلیز پر علاج فراہم کرنا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈاکٹروں کی اس کاؤش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند اور قابل تعریف عمل ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان پسماندہ صوبہ ہے جہاں ڈاکٹروں کے قلت کے علاوہ افغانستان سے مریضوں کی ایک بڑی تعداد کوئٹہ کا رخ کرتی ہے جس سے مقامی ہسپتالوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے، وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹروں کے وفد کو یقین دلایا کہ نگران حکومت ان کو اس نیک مقصد کی تکمیل کے لئے جتنا ممکن ہوسکے معاونت فراہم کریگی۔ وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ میں E۔Clinicکے قیام کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس کے لئے جگہ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اب ایک مرتبہ پر پرامن صوبہ بن چکا ہے دیگر صوبوں سے لوگوں کی بڑی تعداد ہر سال گرمیوں میں بلوچستان کا رخ کرتی ہے اور گذشتہ چند سالوں میں صوبے میں سیاحت کو بہت فروغ ملا ہے، وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کسی دقت کے بغیر میڈکل کلینک قائم کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں بلوچستان حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔