بلوچستان ،حادثات وواقعات میں 6افراد جاں بحق 19زخمی

  • June 9, 2018, 10:37 pm
  • National News
  • 176 Views

کوئٹہ واندرون بلوچستان ( سٹاف رپورٹر+نامہ نگاران ) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات میں 2خواتین سمیت6افراد جاں بحق جبکہ خاتون 3بچوں سمیت 19افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق قلعہ سیف اللہ کے علاقے ہارڈیم کے قریب کمشنر ژوب ڈویژن بمقام لورلائی کے سپرنٹنڈنٹ خان جہان ولد ملک گلزار خان اخترزئی ڈیوٹی کے بعد اپنے گاؤں اختر زئی قلعہ سیف اللہ جارہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔سبی کی تحصیل لہڑی کے علاقہ ٹھیڑی کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے زیر زمین نصب بارودی سرنگ مال مویشیوں کولے جانے والے ایک شخص کا پاؤں پڑ جانے سے زوردار دھماکہ سے پھٹ گئی جس کی وجہ سے غلام افضل نامی شخص بری طرح زخمی ہوا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور زخمی کو فوری طوری پر سول ہسپتال سبی لے جایا گیا جہاں پر طبی امداد کے بعد زخمی کو شدید نازک حالت میں سی ایم ایچ ہسپتال سبی ریفر کردیا گیا۔مرادجمالی کے قریب صدر پولیس تھانہ کی حدود گوٹھ بیدار میں مسلح افراد نے پرانی دشمنی کی بناء پر گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کردی جس کے باعث گولی لگنے سے مسمات ہارو بی بی زخمی ہوگئی جسے فوری طور پر ڈیرہ مرادجمالی کی سول ہسپتال پہنچادیا گیا ۔ڈیرہ مرادجمالی کے ڈومکی محلہ میں شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی مسمات ش کو قتل کردیا ۔ملزم موقع پر واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیالاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔بلوچستان کے ضلع مستونگ کے نواحی علاقے کاریز نوتھ میں ایک گاڑی میں پٹرول بھرتے وقت آگ بھڑک اٹھی۔ ساتھ ہی دو دکانوں میں بھی آگ لگ گئی آگ کی وجہ 2 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ خلیل احمد ولدیارمحمدقوم ابابکی سکنہ کاریز کادی محمد نعیم ولداللہ بخش قوم سمالانی سکنہ کوڑاسک خضدار دکان میں آگ لگنے سے شدید جھلس گئے جنھیں نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا،فائربرگیڈ موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پالیا۔ دشت میں تیز رفتار گاڑی کے الٹنے کے نتیجے میں ایک شخص امام الدین جاں بحق جبکہ 3 بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔پنجگور میں ٹریفک حادثے کے ایک شخص عذیب جاں بحق ہوگیا۔ تیز رفتار گاڑی الٹنے کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ڈیرہ مراد جمالی قومی شاہراہ سی این جی فلنگ اسٹیشن کے قریب ڈپٹی کمشنر صحبت پور کی گاڑی اور مزدہ ٹرک میں تصادم ہوا حادثے میں ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان محفوظ رہے ڈرائیور سمیت تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا ڈرائیور کو مزید اعلاج کی غرض سے لاڑکانہ ریفر کردیا گیا ۔سنجاوی کلی لونگ آباد کے رہائشی 18 سالہ نوجوان بہاؤالدین ولد محمد دین کنویں میں گر کر جاں بحق ہوگیا ۔ ڈیرہ اللہ یار کے علاقے میں مزدا ٹرک اور گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ مل میں رشتے کے تنازع پر چچا زاد کی فائرنگ سے محمد نعیم ولد مولابخش بادینی زخمی ہوگیا زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔مزید کارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہیں ۔